(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس اپنی تعداد پوری ہے،جو اللّہ کو منظور ہوگا وہی ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ آمد کے موقع پر شہباز شریف سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے یا شکست دیں گے؟ شہبازشریف نے کہا کہ ہمارے پاس عددی تعداد پوری ہے،مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن اپنا جواب دے گی.
اپوزیشن نے پوری قوت سے حکومت کی قانون سازی کا راستہ روکنے کا فیصلہ کیا ہے، اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹیوں کا مشترکہ اجلاس جاری ہے، شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری پارلیمنٹ پہنچ گئے جہاں دونوں نے ایک دوسرے سے ملاقات کی،مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کے اراکین اجلاس میں شریک ہیں، شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں مشترکہ اجلاس سے متعلق حکمت عملی طے کی جارہی ہے۔
اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج انتخابی اصلاحات نہیں ہو رہیں، الیکشن چوری کرنے اور عوام کی رائے کو قتل کرنے کی سازش کا نیا منصوبہ بن رہا ہے۔
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف سے ملاقات کی، شہباز شریف نے گرم جوشی سے بلاول بھٹو کا استقبال کیا۔ملاقات میں مولانا اسعد محمود، یوسف رضا گیلانی ، شیری رحمان اور دیگر اراکین بھی شریک تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی۔ صدر کی مارکیٹ میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی