دھند اور فضائی آلودگی۔لاہور میں مصنوعی بارش کی تیاریاں مکمل

Nov 17, 2021 | 15:51:PM

 (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں پہلی بار مصنوعی بارش کا منصوبہ تیار کر لیا گیا،یہ منصوبہ دھند سے چھٹکارا حاصل کر نے میں مدد گار ثابت ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں دھند سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے پنجاب میں مصنوعی بارش کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے، اس حوالے سے پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر منور صابر نے مصنوعی بارش برسانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔تجرباتی طور پر شہر میں طیارے یا غباروں کے ذریعے بارش برسائی جائے گی، ڈرائی آئس میں نمک اور پانی ڈال کر مصنوعی بادل بنانے اور انہیں برسانے کے لئے پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر کام کررہے ہیں۔

 انہوں نے مزید بتایا کہ فضائی آلودگی کے خاتمے کے لئے جہاں شہر کے مختلف علاقوں میں جنگلات لگائے گئے ہیں وہیں مصنوعی بارش کا طریقہ بھی اس آفت سے نمٹنے کے لئے موثر ثابت ہوسکتا ہے،ماہرین کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت کم ہونے اور نمی بڑھنے سے دھند اورآلودگی کے آمیزش سے ماحول خراب ہوجاتا ہے، رواں سیزن میں سموگ اوراس سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔

  مصنوعی بارش کے لیے جہاز کے ذریعے بادلوں پر کیمیکل چھڑکنے کے علاوہ زمین سے بھی راکٹ فائر کر کے ان پر کیمیکل چھڑکا جاسکتا ہے۔ یہ طریقہ کار زیادہ تر چین میں استعمال کیا جاتا ہے یعنی مطلوبہ کیمیائی مادوں کے راکٹ تیار کر کے انہیں بادلوں پر فائر کیا جاتا ہے اور اس طریقے سے مصنوعی بارش برسائی جاتی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:    آخری پی ایس ایل میں کس ٹیم کی نمائندگی کرینگے۔۔۔شاہد آفریدی نے بتا دیا

مزیدخبریں