کراچی: بچے کے اغواء کا الزام، شہریوں کے تشدد سے ایک شخص جاں بحق
ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری نے بتایا کہ ابتدائی طور پر علاقے سے متضاد اطلاعات موصول ہورہی ہیں، اغواء کے بارے میں تصدیق نہیں کی جاسکتی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) شہر قائد کے علاقے ہاکس بے عبدالرحمٰن گوٹھ میں نامعلوم افراد کے تشدد سے معمر شخص جاں بحق ہوگیا۔ مرنے والے پر بچہ اغواء کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔ پولیس کے مطابق فوری طور پر اغواء کے الزام کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
لاش کو اسپتال منتقل کرنے کے موقع پر ریسکیو حکام نے بتایا کہ علاقہ مکینوں کے مطابق معمر شخص ایک بچے کو اغواء کرنے کی کوشش کررہا تھا جس پر موقع پر موجود افراد نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری نے بتایا کہ ابتدائی طور پر علاقے سے متضاد اطلاعات موصول ہورہی ہیں، اغواء کے بارے میں تصدیق نہیں کی جاسکتی ۔
بعد ازاں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت کرلی گئی، ابتدائی تحقیقات سے واقعہ بچے کے اغواء کا نہیں بلکہ پڑوسیوں کا جھگڑا نکلا۔ پولیس نے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیے: ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، ہُنڈی حوالہ میں ملوث ملزم گرفتار
ایس ایچ او ماڑی پور انسپکٹر غلام حسین کورائی نے بتایا کہ مرنے والے شخص کی شناخت 50 سالہ حاتم کے نام سے ہوئی، جو نشے کا عادی تھا اور اس کا ذہنی توازن بھی ٹھیک نہیں تھا۔ وہ اکثر لوگوں کو پتھر مارتا تھا۔ بدھ کی شب علاقے کے رہائشی شیر خان عرف شیرو اور حاتم کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ اس دوران دونوں نے ایک دوسرے کو پتھر مارے۔ شیر خان کے بھائی اور بیٹے بھی جھگڑے میں شامل ہوگئے ۔
حاتم کے پتھر پھینکنے سے شیر خان کا 4 سالہ بیٹا زخمی ہوگیا، جس پر یہ تمام افراد مشتعل ہوگئے اور انہوں نے لاٹھی ڈنڈوں سے حاتم کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ حاتم کے زخمی ہونے پر شیر خان نے ہی اپنے دیگر بھائیوں اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایک سوزوکی کا انتظام کیا، جس میں حاتم کو لے کر اسپتال روانہ ہوئے تاہم ماڑی پور پولیس چوکی تک پہنچنے سے قبل ہی وہ راستے میں دم توڑ گیا۔
پولیس اہلکاروں نے باز پرس کی تو شیر خان نے بچے کے اغواء کی جھوٹی کہانی بیان کی۔ بعدازاں پولیس نے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور شیر خان سمیت 4 افراد کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا۔ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔