آئیڈیاز 2022: پاک فضائیہ کے طیارے حاضرین کی توجہ کا مرکز

نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک تقریب میں سب سے زیادہ سراہا جانے والا پروجیکٹ رہا

Nov 17, 2022 | 13:14:PM
آئیڈیاز 2022: پاک فضائیہ کے طیارے حاضرین کی توجہ کا مرکز
کیپشن: یونٹ کے تیسرے روز 'پرائیڈ آف پاکستان' JF-17 تھنڈر اور سپر مشاق ٹرینر طیاروں کے سٹیٹک ڈسپلے میں حاضرین نے خصوصی دلچسپی لی
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) کراچی ایکسپو سینٹر میں بین الاقوامی دفاعی نمائش و سیمینار، آئیڈیاز 2022 کے گیارھویں ایڈیشن کی تقریبات عروج پرہیں جہاں ایونٹ کے تیسرے روز 'پرائیڈ آف پاکستان' JF-17 تھنڈر اور سپر مشاق ٹرینر طیاروں کے سٹیٹک ڈسپلے میں حاضرین نے خصوصی دلچسپی لی۔

نمائش میں پاک فضائیہ کے پویلین میں دکھائے گئے طیاروں میں غیر ملکی مندوبین اور عسکری حکام نے گہری دلچسپی لی۔ پاک فضائیہ کی جانب سے حاضرین، مندوبین اور غیرملکی معززین کو طیاروں کے جائزے کے ساتھ ساتھ ان کی تکنیکی خصوصیات کے بارے میں بھی مکمل طور پر آگاہ کیا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ڈسپلے میں شامل طیاروں نے اپنے جدید ڈیزائن اور تکنیکی خصوصیات کی بدولت قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعریفیں سمیٹیں۔ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک تقریب میں سب سے زیادہ سراہا جانے والا پروجیکٹ رہا۔

پاک فضائیہ کے اہلکاروں نے حاضرین کو NASTP پروجیکٹ کے بنیادی عناصر، ذیلی منصوبوں اور مستقبل کی ممکنہ اختراعات کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔

ترجمان پاک فضائیہ نے ایک بیان میں کہا کہ آئیڈیاز 2022 مستقبل میں دوست ممالک کے ساتھ دفاعی اور خاص طور پر NASTP جیسے منصوبوں میں تعاون کے لیے راہ ہموار کرے گا۔