(ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہےکہ میری جان کو ابھی بھی خطرہ ہے،انہوں نے مزید حملوں کا خدشہ ظاہر کردیا ۔
فرانسیسی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ میری جان کو اب بھی خطرہ ہے، وہ لوگ دوبارہ مجھے ختم کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں اور بدقسمتی سے مجھے لگتا ہے کہ وہ دوبارہ کوشش کر سکتے ہیں، وہ مجھے ختم کرنا چاہتے تھے کیونکہ میری پارٹی پاکستان کی سب سے مقبول سیاسی جماعت ہے اور مجھے بڑے پیمانے پر عوامی حمایت حاصل ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے راستے سے ہٹانے کا واحد طریقہ مجھےختم کرنا ہے لہٰذا خطرہ موجود ہے جب کہ اس سازش کا تو میں نے حملے سے 6 ہفتے قبل ہی ایک جلسے میں بتا دیا تھا، میں نے بتا دیا تھا کہ ایک مذہبی جنونی کے ہاتھوں قتل کروانے کا منصوبہ بنایاگیا ہے، آزادانہ تحقیقات ہوں گی تو ثابت ہو جائے گا کہ اس تمام کی منصوبہ بندی کی گئی۔
ضرور پڑھیں :وزیرآباد واقعہ: جے آئی ٹی پر وفاق کے تحفظات درست قرار
عمران خا کا کہنا تھا کہ ہم پر دو حملہ آوروں نے حملہ کیا، چیف جسٹس سےبھی درخواست کی ہے کہ اس معاملے کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں کیونکہ آزادانہ تحقیقات میں ثابت ہو جائے گا کہ اس کا فائدہ موجودہ حکومت کو ہوتا۔
یاد رہے حقیقی آزادی مارچ کے دوران وزیر آباد میں قاتلانہ حملے کے دوران عمران خان زخمی ہوگئے تھے،وہ زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ پر زیر علاج ہیں ۔