(ویب ڈیسک)اوپر والا جب بھی دیتا دیتا چھپڑپھاڑ کے مصداق یہ فقرہ قومی کرکٹر محمد حسنین اور خوشدل شاہ پر پورافٹ آتا ہے ،قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد حسنین اور خوشد ل شاہ بغیر میچ کھیلے جبکہ فخر زمان اور محمد آصف ورلڈ کپ میں صرف ایک ایک میچ کھیل کر کروڑ پتی بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ فائنل میں پاکستان کو انگلینڈ کیخلاف 5 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا،اس ناکامی کے باوجود کھلاڑیوں کے اکاﺅنٹس میں ایک کروڑ روپے سے زائد رقم منتقل ہو گی۔آئی سی سی نے رنرز اپ ٹیم کو فاتح سے آدھی انعامی رقم 8 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا تھا،سپر12 مرحلے کی3 فتوحات کے 40،40 ہزار ڈالر کے لحاظ سے ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر گرین شرٹس کو ملیں گے۔
ٹورنامنٹ کے دوران آئی سی سی نے ہر کھلاڑی کو 125 آسٹریلوی ڈالر (83 امریکی ڈالر) کا یومیہ الاﺅنس دیا، سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت پی سی بی نے اس میں 31 امریکی ڈالر کا اضافہ کر کے 114 کے لحاظ سے ڈیلی الاﺅنس ادا کیا۔مجموعی طور پر ورلڈکپ سے گرین شرٹس کو تقریبا 10 لاکھ ڈالر (22کروڑ 22لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) ملیں گے۔
پی سی بی کے ترجمان نے کہاہے کہ طویل عرصے سے رائج پالیسی کے مطابق انعامی رقم کھلاڑیوں میں مساوی تقسیم ہو گی،چونکہ فخر زمان نے بھی انجرڈ ہونے سے قبل ایک میچ میں حصہ لیا لہٰذا وہ بھی رقم کے حقدار ہوں گے،اس کا مطلب یہ ہوا کہ انعام کے 17 حصے ہوں گے،16 کرکٹرز اور ایک سپورٹ سٹاف کو ملے گا۔
محتاط اندازے کے مطابق ایک کھلاڑی کے حصے میں ایک کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد رقم آئے گی، محمد حسنین اور خوشدل شاہ بغیر میچ کھیلے خطیر معاوضہ پائیں گے،فخرزمان اورآصف علی کو ایک،ایک جبکہ حیدر علی کو 2 میچز کھیلنے پر ہی بھاری رقم ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ میں عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس سماعت کیلئے مقرر