کسی بھی گروہ کی طرف سے طاقت کا استعمال ناقابل قبول ہے، آرمی چیف 

Nov 17, 2023 | 18:20:PM

This browser does not support the video element.

(24 نیوز)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاکہ ”بغیر کسی مذہبی، صوبائی، قبائلی، لسانی، نسلی، فرقہ وارانہ یا کسی اور امتیاز کے پاکستان تمام پاکستانیوں کا ہے،ریاست کے علاوہ کسی بھی ادارے یا گروہ کی طرف سے طاقت کا استعمال اور مسلح کارروائی ناقابل قبول ہے“ ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے علمائے کرام و مشائخ کی ملاقات ہوئی ہے،تمام مکاتب فکر کے سرکردہ علمائے کرام و مشائخ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر،نشانِ امتیاز (ملٹری) سے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی،علمائے کرام و مشائخ نے متفقہ طور پر انتہا پسندی، دہشتگردی اور فرقہ واریت کی مذمت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علمائے کرام و مشائخ نے ملک میں رواداری، امن اور استحکام لانے کیلئے ریاستی اور سکیورٹی فورسز کی انتھک کوششوں کیلئے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
علما کرام نے کہاکہ ”اسلام امن اور ہم آہنگی کا مذہب ہے اور بعض عناصر کی طرف سے مذہب کی مسخ شدہ تشریحات صرف ان کے ذاتی مفادات کیلئے ہیں جس کا اسلامی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے“۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کے ذریعے پھیلائے جانے والے گمراہ کن پروپیگنڈے کے خاتمے کیلئے مذہبی علماکے فتویٰ ”پیغام پاکستان“ کو سراہا،آرمی چیف نے علماو مشائخ سے گمراہ ک±ن پروپیگنڈے کی تشہیر اور اس کے تدارک اور اندرونی اختلافات کو دور کرنے پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فکری اور تکنیکی علوم کے ساتھ ساتھ قرآن و سنت کی تفہیم اور کردار سازی کیلئے نوجوانوں کو راغب کرنے میں علمائے کرام کے کردار کی نشاندہی بھی کی۔
فورم نے متفقہ طور پر حکومت پاکستان کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی، ایک دستاویزی نظام (پاسپورٹ)کے نفاذ، انسداد سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی اور بجلی چوری کے خلاف اقدامات کی حمایت کی،فورم نے افغان سرزمین سے پیدا ہونے والی دہشتگردی پر پاکستان کے موقف اور تحفظات کی مکمل حمایت کی، فورم نے پاکستان کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے افغانستان پر سنجیدہ اقدامات کرنے پر زور دیا۔
فورم نے غزہ میں جاری جنگ اور غزہ کے نہتے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھی غم و غصے کا اظہار کیا اور انہیں انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: قیمتوں میں پھر ردوبدل،موٹرسائیکل کے شوقین افراد کیلئے اہم خبر

مزیدخبریں