میں نے نہیں،پروین بابی نے مجھے چھوڑاتھا، کبیربیدی

طبی امداد لینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کے باعث پروین نے اس رشتے کو ختم کردیا

Nov 17, 2024 | 10:16:AM

(ویب ڈیسک) ماضی کے معروف بالی ووڈ اداکار کبیربیدی نے آنجہانی اداکارہ پروین بابی کےساتھ اپنے تعلق اورعلیحدگی کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے انکشاف کیاہے کہ پروین بابی کو طبی امداد لینے پر آمادہ کرنے کی کوششیں ان کے الگ ہونے کی وجہ بنیں۔

بالی ووڈ اداکار کبیربیدی اورآنجہانی اداکارہ پروین بابی کے درمیان مختصر لیکن ایک جذباتی تعلق ضرور رہا،یہ تعلق اداکارہ کی زندگی کے اس مشکل دور میں سامنے آیا جب وہ ذہنی صحت کے مسائل سے نبرد آزما تھیں۔

ایک حالیہ انٹرویو میں کبیربیدی نے پروین بابی کے ساتھ تعلق کے خاتمے پربات کرتے ہوئےانکشاف کیا کہ پروین بابی کو طبی امداد لینے پر آمادہ کرنے کی کوششیں ان کے الگ ہونے کی وجہ بنیں،پروین بابی نے اس رشتے کو ختم کردیا کیونکہ وہ کسی پروفیشنل سے مشورہ لینے کےلیے تیارنہیں تھیں۔

ماضی کے معروف اداکار نے مزید بتایا کہ پروین بابی ان کے ساتھ اس وقت اٹلی گئیں، جب وہ اپنی مشہور ٹی وی سیریز سندوکن کی وجہ سے شہرت کی سیڑھیاں چڑھ رہے تھے،تاہم لندن میں قیام کے دوران انہوں نے محسوس کیا کہ پروین کی حالت بگڑرہی ہے،میں نے ان سے کہا کہ آپ کو علاج کروانا چاہیے، لیکن وہ اس پر بالکل بھی راضی نہیں ہوئیں، میں جانتا تھا کہ اگر وہ علاج نہیں کروائیں گی تو ان کی حالت مزید بگڑ سکتی ہے اور یہی وجہ تھی کہ ہم آخر کار الگ ہو گئے۔

کبیربیدی نے واضح کیا کہ عام خیال کے برعکس تعلق کا خاتمہ پروین بابی کی طرف سے ہوا تھا کیونکہ انہیں ڈر تھا کہ میں انہیں علاج کروانے پر مجبور کروں گا۔ 

اداکار نے کہا کہ ذہنی دباؤ میں مبتلا دماغ ہر چیز سے خوفزدہ ہوتا ہے،وہ خوفزدہ تھیں کہ اگر کوئی ڈاکٹر ان کی حالت کے بارے میں جان گیا تو وہ کسی کو بتا سکتا ہے اور ان کا کیریئر ختم ہو سکتا ہے۔

کبیر نے وضاحت کی کہ پروین بابی نے مجھے چھوڑا، میں نے انہیں نہیں چھوڑا،انہوں نے ان افواہوں کو بھی مسترد کردیا کہ ان کے تعلق کے خاتمے نے پروین کی ذہنی صحت کے مسائل کو بڑھا دیا تھا کیونکہ میڈیا نے مجھے قصور وار ٹھہرایا کہ میں نے پروین کو مسترد کیا اور اسی وجہ سے ان کی ذہنی صحت خراب ہوئی،حقیقت یہ ہے کہ پروین پہلے ہی ذہنی صحت کے مسائل کا شکار تھیں۔

مزیدخبریں