(ویب ڈیسک)اجوکا دوستی انٹرنیشنل تھیٹر فیسٹیول کاآٹھواں روز"مہارانی جندہ" کے نام رہا جس کی جاندارپرفارمنس پرہال رانی جندہ کے نام سے گونجتارہا۔
الحمرا میں ہونےوالے فیسٹیول کے آٹھویں روزکا آغاز قومی ترانے سے ہوا،اس دوران آسٹریلین اوربھارتی فنکارمحبت کے عکاس دکھائی دیئے،لیجنڈاداکارراج کپور اورنر گس پر فلمائے گئے گانے"آوارہ ہوں " نے ان دونوں فنکاروں کی یاد تازہ کردی۔
"مہارانی جندہ" کی شاندارپرفارمنس پر ہال رانی جندہ کے نام سے گونجتارہا،یہ کھیل فرنگی راج کے حالات اور وقت کی رانی پر ظلم و ستم کی داستان کی بہترین عکاسی کر تا نظر آیا،رانی جندہ کی قید اوراس کے بیٹے کی کہانی دیکھ کر ہر آنکھ نم نظرآئی،شائقین نے کھڑے ہو کر فنکاروں کا تالیوں کی گونج میں حوصلہ بڑھایا،کھیل کے دوران رانی جندہ اور بیٹے کی بر طانیہ میں ملاقات کے سین نے حاضرین کو آبدیدہ کر دیا، مہاراجہ رنجیت سنگھ کے بیٹے نے اپنی ماں کی وفات اور وصیت کے سین کو بخوبی نبھایا۔
آسٹریلین فنکارکااس موقع پر کہنا تھاکہ چڑھدے پنجاب کی منظرکشی اورگفتگو لیندے پنجاب میں کرکے فخر محسوس ہوا،اگر کسی وجہ سے اس فیسٹیول میں شمولیت نہ کرپاتے توافسوس رہتا،لاہورواقعی لاہور ہے ۔
اجوکا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہدمحمود ندیم کا کہنا تھا کہ آج بروز اتوار نو روزہ دوستی فیسٹیول کا اختتام ہے،دل تو بہت کرتا ہے کہ یہ سلسلہ کبھی رکے نہ ،اجوکا اسی طرح فنکاروں کی پرفارمنس اور گائیکی کےفیسٹیول آپ کے لئے منعقد کرتا رہے گا۔
اجوکا تھیٹر کا بین الاقوامی دوستی تھیٹر فیسٹیول الحمرا آرٹس کونسل کے ہال نمبر ایک میں آج 17 نومبر بروزاتوارشام پانچ بجےچندی گڑھ سے آئے فنکاروں کے پیش کیے جانے والے پلے ٹرنک ٹیلز پر اختتام پذیر ہو گا،یہ فیسٹیول لاہور آرٹس کونسل اورحکومت پنجاب کے تعاون سے منعقد کیا جارہا ہے جس میں 12ممالک کے تھیٹر گروپ حصہ لے رہے ہیں،الحمرا ہال 1 فوئر میں روزانہ لوک ثقافتی پرفارمنس اور تھیٹر کی نمائش بھی جاری ہے جس میں پپٹ شو، فوک تھیٹر اور بھنڈ کامیڈی شامل ہیں۔