(ویب ڈیسک) ڈنمارک کی حسینہ نے 2024 کی مس یونیورس کا تاج پہن لیا۔
میکسیکو سٹی میں ہفتہ کی شب سالانہ مقابلہ حسن کے فائنل مقابلوں کا انعقاد ہوا جس میں مختلف ممالک کی حسیناؤں نے شرکت کی،مقابلے کا آغاز جمعرات کو ہوا تھا جس کے بعد 120 حسیناؤں میں سے 30 کو شارٹ لسٹ کیا گیاتھا۔
بعدازاں پانچ فائنل امیدواروں میں سے ڈنمارک کی 21 سالہ وکٹوریہ کجر تھیل ویگ کو مس یونیورس 2024 قرار دیا گیا،وہ یہ مقابلہ جیتنے والی پہلی ڈینش حسینہ ہیں۔
نائیجیریا کی حسینہ چیڈیما ایڈیٹشینا دوسرے، میکسیکو کی ماریا فرنینڈا تیسرے اور تھائی لینڈ کی سچتا چوانگسری چوتھے نمبر پررہیں۔
وینزویلا کی 28 سالہ الیانا مارکیز پیڈروزا جو ایک ماں بھی ہیں نے پانچویں پوزیشن حاصل کرکے تاریخ رقم کی جبکہ مالٹا کی بیٹریس نجویا چالیس سال سے زائد عمر میں گرینڈ فائنل تک پہنچنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سال مس یونیورس مقابلوں کی 72 سالہ تاریخ میں پہلی بار 28 سال سے زیادہ عمر کی خواتین کو بھی مقابلے میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی تھی،اس کے علاوہ مس یونیورس آرگنائزیشن نے مقابلہ حسن کیلئے حاملہ خواتین،ماؤں اور شادی شدہ خواتین پر پابندی کو بھی گزشتہ سال ختم کردیا تھا۔
مس یونیورس مقابلے میں بیلاروس،اریٹیریا اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک نے پہلی بار شرکت کی۔