"کبھی میں کبھی تم"کا سیکوئل،فہد مصطفیٰ نے بڑاانکشاف کردیا
ابتدائی طور پر ڈرامے میں خود کام نہیں کرنا چاہتا تھا،ہانیہ عامر نے بھی یہی مشورہ دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف اداکار اور پروڈیوسر فہد مصطفیٰ نے حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے اپنے مقبول ڈرامے"کبھی میں کبھی تم"کے سیکوئل کے حوالے سے خاموشی توڑدی۔
"کبھی میں کبھی تم" کی5 نومبر کو آخری قسط نشر ہوئی تو ڈرامے کا اختتام خوشگوار انداز میں کرنے پر صارفین خوش دکھائی دیئے تھے جس کے بعد سوشل میڈیا پربعض مداحوں نےڈرامے کا سیکوئل بنانے کامطالبہ کیاتھا ۔
فہد مصطفیٰ نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں انکشاف کیاہے کہ وہ ابتدائی طور پر ڈرامے میں خود کام نہیں کرنا چاہتے تھے، لیکن حالات ایسے بن گئے کہ انہیں خود ہی کام کرنا پڑا،ہانیہ عامر نے بھی انہیں مشورہ دیا کہ وہ خود ہی مصطفیٰ کا کردار ادا کریں جس کے بعد انہوں نے اس میں کام کیا۔
معروف اداکار کا کہنا تھا کہ عام طور پر وہ 40 سے 50 دن تک مسلسل شوٹنگ کرکے فلم مکمل کرتے ہیں لیکن انہوں نے ڈرامے کے لیے 9 ماہ تک کا عرصہ لگایا اور شوٹنگ 9 ماہ تک چلتی رہی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ڈرامے میں نعیمہ بٹ کے کردار کے لیے بھی پہلے کسی اور کا سوچا گیا تھا لیکن پھر نعیمہ بٹ کو کاسٹ کرلیا،ان کے ڈرامے میں کام کرنے کےبعد بعض اداکاروں نے ان کے ساتھ کام کرنے سے بھی انکار کیا، تاہم انہوں نے ان کے نام نہیں بتائے۔
فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ فلموں میں ان کا مقابلہ ہمیشہ سے ہمایوں سعید کے ساتھ رہا اور وہ ان سے شکست بھی کھاتے رہے،لیکن ڈراموں میں ان کا مقابلہ بہت سارے محنتی اور مقبول اداکاروں سے تھا،اس لیے وہ پریشانی کا شکار بھی تھے،انہوں نے فیروز خان، احد رضا میر، وہاج علی اور بلال عباس کو ڈراموں کے مقبول اداکار قراردیتے ہوئے کہا کہ انہیں ان سے ڈر بھی تھا۔
انہوں نے ڈرامے"کبھی میں کبھی تم" کی کاسٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عماد عرفانی، ہانیہ عامر اور جاوید شیخ جیسے اداکاروں نے محنت کرکے ڈرامے کو مقبول بنایا۔
فہد مصطفیٰ نے واضح کیا کہ ان کا "کبھی میں کبھی تم" کاسیکوئل بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے،انہوں نے مذکورہ ڈرامہ پیسے کمانے کے لیے نہیں بنایا لیکن اب وہ مذکورہ ڈرامے سے پیسہ بنائیں گے اور ان کا ڈرامے کا سیکوئل بنانے کا کوئی ارادہ نہیں، وہ پاگل نہیں ہیں۔