(24نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکمران ٹولے کی بڑھتی ہوئی عوام دشمن اور بے حسی پر مبنی پالیسیوں کے سنگین مضمرات انتہائی پریشان کن ہیں، تین سال آئی ایم ایف کی اندھی تابعداری اور عوام کو مہنگائی سے لہولہان کردیا اور نتیجہ صفر نکلا۔
شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنی نااہلی کے نتیجے میں مسلسل مایوسی وانتشار پھیلا کر ریاست اور اس کے شہریوں کے درمیان رشتے کو کمزور کررہی ہے، آئی ایم ایف سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نیازی ‘آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا، خود کشی کر لوں گا’ کے نعرہ لگاتے تھے، نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے 2015 میں آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا تھا، ان پر عمران نیازی تنقید کیا کرتے تھے،شہباز شریف نے کہا کہ 3 سال سے عوام کا معاشی قتل جاری ہے، حکومت کی حکمت عملی یہ ہے کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پہلے مان لیں پھر بھی مذاکرات ناکام ہوگئے، وزیر خزانہ کو سینیٹر بنوانے میں عمران خان نیازی نے جتنی دلچسپی لی، شوکت ترین نے بھی اتنی ہی دلچسپی سے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کئے، حکومت نے عوام کو دھوکہ دیا اور آئی ایم ایف کو بھی چکر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرول کی قیمت 300 روپے فی لیٹر تک جائیگی ،سعید غنی کا دعویٰ