(24 نیوز)پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابرسدھو سے عراق کے نائب وزیر دفاع نے ملاقات کی،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے کئی شعبوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔سیکرٹری جنرل جبار تھیجل متلگ نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق عراقی نائب وزیر دفاع نے کہاکہ علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہاکہ پاکستان اور عراق کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتے استوار ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا مظہر ہیں۔
سربراہ پاک فضائیہ نے کہاکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمیت خلائی، الیکٹرانک وارفیئر، سائبر اور نیش ٹیکنالوجیز میں بین الاقوامی ترقی نے قومی سلامتی کے روایتی ماحول پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں، پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجیز کے حصول اور ترقی پر پوری توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ نے کہاکہ معزز شخصیات نے دونوں فضائی افواج کے مابین خصوصاً تربیت اور آپریشنل شعبوں میں پہلے سے استوار تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مہربانو نے دلیری سے مقابلہ کیا ،عام انتخابات میں زیادہ محنت کرینگے‘شاہ محمود قریشی