(24 نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضانقوی نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا قول کام ، کام اور صرف کام کو سچ کر دیکھایا، ایک طرف کفایت شعاری اپنا کر عملی مثال قائم کی تو دوسری جانب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے دن رات ایک کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سید محسن رضا نقوی نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ فیصل آبادمیں کوچ میں سفر کیا، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور سیکرٹریز بھی کوچ میں بیٹھ کر کمشنر آفس سے ہوٹل پہنچے ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد میں فلور ملز ایسوسی ایشن،کریانہ ایسوسی ایشن ،پنجاب بار ایسوسی ایشن کے وفود سے ملاقاتیں کیں، نمائندگان نے سید محسن رضا نقوی کو عوامی معاملات اور مشکلات پر بریفنگ دی ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد آٹے کے نرخ کم کرنے کے لئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
محسن نقوی نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں کمی سے عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا،گندم کی ریلیز پالیسی کا جلد اعلان کردیا جائے گا،کریانہ ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر و جنرل سیکرٹری سے ملاقات میں صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے دالوں کی قیمتوں میں کمی کے لئے اقدامات پر بات چیت کی ، فیصل آباد بار ایسوسی ایشن کے وفد نے وکلاء برادری کو درپیش مسائل سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو آگاہ کیا ،وزیر اعلی محسن نقوی نے مسائل خود نوٹ کئے اور حل کی یقین دہانی کرائی ۔
ملاقات کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وکلاء برادری کی لائبریری کے قیام کے لئے معاونت کریں گے،وزیر اعلی محسن نقوی کی زیر صدارت فیصل آباد میں بجلی چوری روکنے کیلئے جاری آپریشن سے متعلق بھی اجلاس ہوا، چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو نے بجلی چوری روکنے کے لئے جاری آپریشن کے بارے بریفنگ دی ، محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے،وزیراعلیٰ محسن نقوی کو فیصل آباد ڈویژن کے کمشنر، آر پی او،ڈی سیز اور ڈی پی او نے بھی بریفنگ دی ،صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر فیصل آباد ڈویژن، سی پی او فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کے بعد گھی کی قیمت میں بھی کمی