فلسطین ، اسرائیل کشیدگی، کور کمانڈر کانفرنس میں ہونے والے اہم فیصلوں کی تفصیل آ گئی

Oct 17, 2023 | 19:34:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر قیادت 260 ویں کور کمانڈر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں  فلسطین اسرائیل کشیدگی   اور ملک میں حالیہ ہونے والی دہشتگردی اور جاری مہنگائی  کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے،ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل، ان کی سرزمین اور مسلمانوں کے مقدس مقامات پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کے لیے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔

کانفرنس کے شرکاء نے فلسطین- اسرائیل جنگ میں ہونے والی پیش رفت اور اسرائیل کی طرف سے طاقت کے استعمال کے باعث معصوم شہریوں  کے جانی نقصان پرتشویش کااظہار کیا،کور کمانڈر کانفرنس کے شرکا نےمتفقہ فیصلہ کیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لیے کئے گئے اقدامات کو،پاکستانی عوام کی مجموعی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
پاک فوج ملک بھر میں غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کرنے میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی،آرمی چیف نے کہا کہ مختلف علاقوں میں ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ مافیازکے خلاف کارروائیوں کو آنے والے دنوں میں مزید تقویت دی جائے گی تاکہ ملک کو اس طرح کی معاشی سرگرمیوں کے منفی اثرات سے نجات دلائی جا سکے،تمام غیر قانونی تارکین وطن کو یکم نومبر2023تک ملک بد ر کرنے اور وطن واپس بھیجنے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کی مکمل حمایت کرنے کا عزم۔
کانفرنس کے شرکاء نے ربیع الاول کے مقدس مہینے کے دوران مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہداء کے ایصال و ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی،فورم نے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف مادر وطن کے دفاع میں سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مسلسل دی جانے والی عظیم قربانیوں کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا

کانفرنس کے شرکاء نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی،فورم کو خطے کی صورتِ حال اور قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی،فورم نے ہر قسم کے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا،آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔