وزیراعظم انوار کاکڑ کی روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
اویس کیانی: نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے مابین آج عوامی جمہوریہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں اہم ملاقات ہوئی۔
یہ ملاقات آج بیجنگ میں منعقد ہونے والے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون کے حاشیے پر ہوئی۔روس کے صدر صدر ولادیمیر پیوٹن نے وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا گرمجوشی سےاستقبال کیا.
دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون کے فروغ کیلئے خطے میں روابط کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا. ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر گفتگو ہوئی.
دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور پاکستان روس تعلقات میں مسلسل توسیع پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے یوریشیائی رابطوں کو بڑھانے کے امکانات اور ریل، سڑک اور توانائی کی راہداریوں کے ذریعے علاقائی انضمام میں پاکستان کے اہم کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم کاکڑ نے پورے خطے کی اقتصادی ترقی کے لیے علاقائی انضمام کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان کے روس کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، رابطے اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا.
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔واضح رہے کہ اس سال پاکستان اور روس سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔