(24نیوز)مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی میں جاتی امرا میں اہم بیٹھک میں عدالتی اصلاحات کی حد تک اتفاق رائے ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کے سربراہان کی جاتی امرا میں ملاقات ہوئی،جے یو آئی، پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے آئینی شقوں کا بغور جائزہ لیا۔
اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج کا اجلاس حوصلہ افزا رہا،عدلیہ کی اصلاحات کی حد تک اتفاق رائے ہو گیا ہے،میں پی ٹی آئی سے بھی بات کروں گا،
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عدالتی اصلاحات سے متعلق آج تین جماعتوں کے درمیان اتفاق ہو گیا،
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہاکہ سیاسی جماعتیں عوام کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔
ذرائع کے مطابق جاتی امرا میں سیاسی جماعتوں کے اہم رہنماؤں کی پہلی نشست میں آئینی عدالتوں کے مسودے پر اتفاق نہ ہو سکا۔اس کے بعد تینوں سیاسی جماعتوں کے سربراہان کی ملاقات کا دوسرا دور ہوا، مسلم لیگ ن کے تحفظات اور ڈیڈلاک برقرارہیں۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی نے آئینی بنچ بنانے کیساتھ پہلے 5ججز کو آئینی بنچ میں شامل کرنے کی تجویز دی۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان اور پیپلزپارٹی آئینی بنچ بنانے پر متفق ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ نے پہلے 5ججز کے بجائے متعلقہ کمیٹی کے ذریعے ججز تعینات کرنے کی تجویز دی،ن لیگ نے پہلے آئینی عدالت بنانے کی تجویز دی،دوسرا آپشن آئینی بنچ بنانا ہے تو جوڈیشل پارلیمانی کمیٹی ججز کے نام کی منظوری دے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں نوازشریف نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں میثاق جمہوریت کی شقوں پر عملدرآمد ہو،ملک کوسب نے ملکر آگے لے کر چلنا ہے،آصف زرداری نے کہاکہ میاں صاحب میثاق جمہوریت کی تمام شقوں پرعملدرآمد کرنے کا وقت ہے۔