پاکستان اورنیوزی لینڈکے درمیان پہلاون ڈے میچ آج ہو گا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مانیٹرنگ ڈیسک)18سال بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں ون ڈے میچ کھیلنے کے لیے تیار ،دونوں ٹیموں نے میچ سے قبل تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ملکوں کے درمیان ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی جبکہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث ایس او پیز کے تحت 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
کیوی ٹیم کے لیے بری خبر یہ ہے کہ ان کے وکٹ کیپر ٹام بلنڈل انجری کی وجہ سے ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں ، دوسری جانب گرین شرٹس نے آنے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم میں3 لیگ اسپنر شاداب خان ،زاہد محمود اور عثمان قادر کو شامل کیا ہے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے 2003میں آخری بار پاکستان کا دورہ کیا تھا اس وقت پاکستان ٹیم نے 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں کیوی ٹیم کو کلین سوئپ کیا تھا۔اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 107ون ڈے انٹر نیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 55میں پاکستان ٹیم اور 48میچز میں کیوی ٹیم فاتح رہی ، ایک میچ برابر اور تین میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔
Osaka Batteries presents J. Pakistan vs New Zealand ODI Series 2021 trophy! What do you think? #PAKvNZ | #HarHaalMainCricket | #HoRahaHai pic.twitter.com/gHT6hc8qIB
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 16, 2021
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی خاص بات یہ ہے پاکستان ٹیم یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف اب تک ناقابل شکست رہی ہے ،تین ایک روزہ میچز میں فتح پاکستان ٹیم کے حصہ میں آئی۔نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم ان دنوں آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر ہے جبکہ پاکستان رینکنگ میں چھٹے نمبر پر موجود ہے لیکن اگر پاکستان ٹیم نے 2003کی تاریخ دہراتے ہوئے سیریز میں کلین سوئپ کیا تو پاکستان ٹیم ایک درجے ترقی کے ساتھ پانچویں اور کیوی ٹیم دوسرے نمبر پر چلی جائے گی ۔
واضح رہے کہ اس کے علاوہ سیریز کے نتائج کچھ بھی ہوں دونوں ٹیموں کی رینکنگ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، میچ آج دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔