ساحل نے مجھے بدنام کر دیا۔۔۔۔ بھارتی ماڈل کی خودکشی کی کوشش

Sep 17, 2021 | 14:31:PM

 (مانیٹرنگ ڈیسک) اداکار ساحل خان کی جانب سے ہراساں کرنے پر معروف بھارتی ماڈل اور باڈی بلڈر منوج نےنیند کی درجنوں گولیاں کھا لیں، جس سے طبیعت بگڑ گئی۔

 تفصیلات کے مطابق ماڈل و باڈی بلڈر منوج نے سوشل میڈیا پر ہونے والی بدنامی سے تنگ آکر خودکشی کرنے کی کوشش کی ہے۔ منوج نے نیند کی درجنوں گولیاں کھا لیں جس سے ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ منوج کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق منوج کی حالت تشویش ناک ہے۔

باڈی بلڈر منوج نے اوشیوارہ پولیس اسٹیشن میں اداکار ساحل خان کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست دی تھی جس میں منوج نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ساحل خان نے مجھے سوشل میڈیا پر بدنام کیا جس کے سبب میری پیشہ وارانہ زندگی میں بہت سے مسائل نے جنم لیا، پولیس فوری طور پر اداکار کے خلاف کارروائی کرے۔

  دوسری جانب ساحل خان نے ایک بھارتی روزنامے سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سوشل میڈیا پر راج نامی لڑکے نے مجھ سے رابطہ کر کے بتایا کہ باڈی بلڈر منوج نے جعل سازی سے اسے پٹھوں کو مضبوط بنانے والی ادویات 2 لاکھ روپے میں فروخت کیں۔ راج نے بتایا کہ ’ادویات ایکسپائر تھیں جس کی وجہ سے میری جلد خراب ہوگئی اور میں دل کی بیماری میں بھی مبتلا ہوگیا، آپ سوشل میڈیا کے ذریعے منوج کے خلاف مہم چلائیں تاکہ وہ مجھے میری رقم واپس ادا کرے‘۔

ساحل خان نے کہا کہ یہی وجہ تھی جس کے سبب میں نے سوشل میڈیا پر منوج کے خلاف ویڈیو پوسٹ کی، راج نے ثبوت فراہم کیے ہیں، مجھے خودکشی کرنے کے تنازع میں ملوث کیا گیا ہے، اگر کسی کو میری وضاحت اور ثبوت جھوٹے لگتے ہیں تو وہ ضرور قانونی کارروائی کرے۔

باڈی بلڈر منوج کے مینجر نے اداکار ساحل خان کے خلاف فوری مقدمے کے اندراج کے لیے پولیس کو درخواست دے دی ہے تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں داخل منوج سے گفتگو کے بعد مقدمہ درج کیا جاسکے گا۔

یہ بھی پڑھیں:    برطانیہ پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالے گا ؟ فیصلہ آج ہوگا

مزیدخبریں