کرکٹ شائقین کو بڑا دھچکا۔نیوزی لینڈ کا پاکستان میں کھیلنے سے انکار۔وزیر اعظم کا فون بھی کام نہ آیا۔سیریز منسوخ

Sep 17, 2021 | 14:53:PM

  (24نیوز)کرکٹ شائقین کو بڑا دھچکا۔نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا میچ شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل سکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر اپنا دورہ پاکستان ختم کر دیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز منسوخ ہو گئی ۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ون ڈے میچ کے آغاز میں تاخیر ہوئی تھی جس کے حوالے سے یہ خبریں سامنے آئیںکہ شاید کورونا کی وجہ سے کھلاڑیوں کو ہوٹل میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ۔پھر خبر سامنے آئی کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے میچ منسوخ کیا گیا تاہم اب اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دورہ پاکستان ختم کردیا ہے اور اس کی وجہ سکیورٹی خدشات بتایا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ چیف ایگزیٹو ڈیوڈ وائیٹ نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو نے کہاکہ کھلاڑیوں کی واپسی کے انتظامات کئے جا رہے ہیں ،سیریز ختم کرنے کافیصلہ نیوزی لینڈ حکومت نے نے سکیورٹی الرٹ پر کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے لئے کھلاڑیوں کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے ،موجودہ حالات میں ہمارے پاس یہی آپشن تھا۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں اندازہ ہے کہ پی سی بی کےلئے یہ بہت بڑا دھچکا ہے،ہمارے کھلاڑی محفوظ ہیں اس حوالے سے بہترین اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔
ادھرپاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کئے گئے مختصر اعلامیہ کے مطابق جمعہ کی صبح نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آگاہ کیا کہ انہیں سکیورٹی کے حوالے سے الرٹ کیا گیا ہے اس لئے انہوں نے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت پاکستان نے مہمان ٹیم کی سکیورٹی کےلئے فول پروف انتظامات کررکھے تھے،ہم نے نیوزی کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کرائی تھی، وزیر اعظم نے بھی ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن سے رابطہ کرکے انہیں بتایا کہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز دنیا کے بہترین انٹیلی جنس سسٹمز میں شامل ہیں اور ان کی رائے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کسی قسم کا خطرہ نہیں تاہم نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے احتیاط کی پالیسی کے پیش نظر دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے آفیشلز نے حکومت پاکستان کی سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ قبل ازیں غیر ملکی میڈیا نے بتایاکہ نیوزی لینڈکی ٹیم نے سکیورٹی خدشات کے سبب راولپنڈی میں پہلے ون ڈے میچ کیلئے اسٹیڈیم آنے سے انکار کردیا جس کے بعد میچ منسوخ کیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سکیورٹی حکام، پی سی بی نے کئی گھنٹوں تک نیوزی لینڈکرکٹ ٹیم کو قائل کرنے کی کوشش کیں لیکن نیوزی لینڈ ٹیم کو منانے کی کوششیں ناکام رہیں۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 سال بعد تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کےلئے 11 ستمبر کو پاکستان آئی تھی،نیوزی لینڈ کےخلاف ون ڈے سیریز راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلی جانی تھی، میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو شیڈول تھے۔اس کے علاوہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ نے 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک شیڈول پانچ ٹی 20 میچز بھی کھیلنے تھے۔

  اب تک کھیلے گئے  پاکستان نیوزی لینڈ ون ڈے مقابلوں میں  55  میچ پاکستان نےجیتےجبکہ 48 ہارے۔ تین بے نتیجہ رہے،ہوم گراؤنڈ پر بیس میں سے سترہ اپنے نام کئے۔

2003 کی آخری سیریز میں پاکستان نے کیویز کو پانچ صفر سے شکست دی تھی ۔ پہلے ون ڈے کیلئے ٹیم پاکستان میں تین لیگ اسپنرز سمیت 12 کھلاڑی شامل کئے گئے تھے۔ میچ منسوخ ہونے پر تماشائیوں میں مایوسی پھیل گئی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد سمیت پنجاب کےکن شہروں میں بارش ہو گی

مزیدخبریں