(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے فیصلے کے بعد انگلش ٹیم کا دورۂ پاکستان بھی مشکوک ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیڈول کے مطابق انگلینڈ کی مینز اور ویمن ٹیمیں 9 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں گی، مینز ٹیم کی قیادت اوئن مورگن اور ویمن ٹیم کی قیادت ہیتھر نائٹ کریں گی۔انگلینڈ کی ٹیم راولپنڈی میں13 اور 14 اکتوبر کو دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں ،جس کے بعد انگلش ٹیم 15 اکتوبر کو اسلام آباد سے دبئی روانہ ہوجائے گی جبکہ ویمن کرکٹ ٹیم 3 ون ڈے میچز کے لیے 21 اکتوبر تک اسلام آباد میں رہے گی۔
انگلینڈ اور پاکستان کے تمام میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہونا تھے تاہم آپریشنل اور لاجسٹک وجوہات کی بنیاد پر میچ راولپنڈی منتقل کئے گئے ۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر دورۂ پاکستان ختم کر دیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ نے آج بتایا ہے کہ انہیں کوئی سیکیورٹی الرٹ موصول ہوا ہے جس کے بعد انہوں نے یک طرفہ طور پر سیریز منسوخ کر دی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم کو سیکیورٹی کی یقین دہانی بھی کرائی اس کے باوجود دورہ منسوخ کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ شائقین کے لئے بری خبر۔۔ پاکستان نیوزی لینڈ کرکٹ سیزیز منسوخ