پاکستان محفوظ ملک،قومی کرکٹرز نے نیوزی لینڈ دورے کی منسوخی پر مایوسی کا اظہار کردیا

Sep 17, 2021 | 18:31:PM
نیوزی لینڈ، دورہ ،منسوخی ،کرکٹرز ،ٹیویٹر
کیپشن: بابر اعظم، محمد حفیظ ، شاہین شاہ آفریدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان  پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ،سابق کپتان شاہد آفریدی،سابق فاسٹ بالر شعیب اختر ، فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی،قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان اور  آل راؤنڈر محمد حفیظ ، شاداب خان اور امام الحق نےپاکستان کو ایک محفوظ اور قابل فخر قوم قرار دیتے ہوئے  دورہ کی منسوخی پر انتہائی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹویٹ میں پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ تمام یقین دہانیوں کے باوجود ایک غیر مصدقہ اطلاع پر دورہ منسوخ کردیا گیا۔انہوں نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ  آپ کو اندازہ ہے اس فیصلے کا کیا اثر ہوگا؟۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے اچانک فیصلے سے انتہائی مایوسی ہوئی، یہ سیریز متعدد فینز کے چہروں پر مسکراہٹیں لاسکتی تھی۔انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستانی سکیورٹی ایجنسیوں کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے اور ہمیں اپنے سیکیورٹی اداروں پر فخر ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام کےآخر میں ’پاکستان زندہ باد‘ بھی لکھا۔

فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ٹویٹر پر لکھا کہ کاش میرے پاس مایوسی کو بیان کرنے کے الفاظ ہوتے، پاکستان کے پاس نہ صرف دنیا کی بہترین سکیورٹی فورس ہے جبکہ بہت سی غیر ملکی ٹیموں نے ماضی میں پاکستان میں اپنے کرکٹ دورے کامیابی سے اور پرامن طریقے سے مکمل کئے ہیں۔شاہین آفریدی نے آخر میں پاکستان زندہ باد  لکھا ہے۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بھی اپنے ٹویٹر  پیغام میں لکھا کہ پاکستان ایک محفوظ اور قابل فخر قوم ہے۔ سیریز ملتوی کرنا پوری قوم کے لیے بالکل افسوسناک خبر ہے۔

اوپننگ بلے باز فخر زمان نے  ٹویٹر پر لکھا کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال تسلی بخش ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم کو غیر معمولی سیکورٹی فراہم کی گئی ہے، مکمل یقین دہانی اور اطمینان کے بعد سیریز آخری منٹ میں منسوخ کرنا بہت افسوسناک ہے۔

 قومی ٹیم کے سپن بالر شاداب خان نے کہا کہ یہ دل دہلا دینے والا ہے، پاکستانیوں کو کرکٹ بہت پسند ہے اور ہم نے ملک میں کرکٹ کو واپس لانے کے لیے بہت محنت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل اور پاکستان کا دورہ کرنے والی دیگر ٹیمیں ہماری مہمان نوازی اور سیکیورٹی انتظامات کا ثبوت ہیں۔ہم ملک میں کرکٹ واپس لانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

پاکستان اوپننگ بیٹسمین امام الحق نے ٹویٹر پیغام میں لکھا ہے کہ میر ا ملک محفوظ  ہے اور کرکٹ کیلئے بہت محفوظ ہے۔


 پاکستان کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر  نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ یہ خدشات ناقابل شناخت  ہیں ، ان پر بحث ہونی چاہئے،انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب سے بات کی لیکن اس کے باوجود  دورہ منسوخ کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:نیوزی لینڈ ٹیم کا دورہ کیوں منسوخ ہوا، کس نے سازش کی؟ وزیر داخلہ شیخ رشید بول پڑے