امریکاجنگ میں دشمن تھا۔ اب نہیں ۔طالبان۔افغانستان میں فوری الیکشن کا امکان مسترد

Sep 17, 2021 | 19:27:PM

 (24نیوز)قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ جب امریکا سے جنگ تھی تو وہ ہمارا دشمن تھا، اب حالات یکسر مختلف ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کو خصوصی انٹرویو میں امریکا کے دوست یا دشمن ملک ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں ترجمان طالبان سہیل شاہین نے کہا کہ جب امریکا سے افغانستان میں جنگ تھی تب وہ ہمارا دشمن تھا تاہم اب جنگ کا چیپٹر ہی ختم ہوگیا اور امریکا کو بھی سمجھ آگیا کہ مسئلے کا حل مذاکرات میں ہے۔ سہیل شاہین نے کہا کہ جنگ کا دور ختم ہوگیا اور اب نیا دور شروع ہو رہا ہے جس میں امریکا کے ساتھ بہتر تعلقات کی شروعات چاہتے ہیں تاہم یہ امریکا پر منحصر ہے کہ وہ ہمارے ساتھ کام کرکے افغانستان میں غربت کے خاتمے، تعلیم کے شعبے، اور افغانستان کے بنیادی ڈھانچے کو کھڑا کرنے میں مدد کرتا ہے یا نہیں۔
ٹی ٹی پی پر پاکستان کے خدشات اور داعش کی روک تھام کے حوالے سے پوچھے گئے سوالوںکے جواب میں ترجمان طالبان نے کہا کہ ہم کسی بھی گروہ کو افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ داعش کو کنڑ اور ننگرہار میں شکست دی تھی اور اب بھی داعش پر قابو پانے کی طاقت رکھتے ہیں۔ عبوری حکومت میں افغانستان کی تمام اقوام اور طبقات کی نمائندگی نہ ہونے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ حکومت تمام نسلی گروپس کی حمایت سے بنائی گئی ہے ۔ فوری الیکشن کا امکان کو بھی رد کرتے ہوئے سہیل شاہین نے کہا کہ ابھی آئینی مسودے پر کام جاری ہے۔خواتین کی تعلیم اور ملازمتوں سے متعلق سوال کے جواب میں ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ شریعت کے تحت خواتین کو تمام حقوق دیں گے لیکن اعلیٰ حکومتی عہدوں پر خواتین کی تعیناتی پرعلمائے دین سے مشوروں کے بعد ہی غور کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں۔شلپا شیٹھی نے شوہر کے بارے میں پولیس کو کیا بتایا ؟۔۔ سامنے آ گیا

مزیدخبریں