حضرت امام حسینؑ اور ان کے رفقا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) حضرت امام حسینؑ اور ان کے رفقا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ کراچی میں مرکزی جلوس ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔ لاہور اور کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی جبکہ مرکزی جلوس کے روٹ پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فوسز تعیناتی کی منظوری دے دی۔
وزارت داخلہ کی سمری پر وفاقی حکومت سے منظوری سے فورسز کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔ وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں کیلیے پاک فوج کی خدمات کی منظوری دی۔
سیکیورٹی صورتحال مانیٹر کرنے کیلئے وزارت داخلہ میں سینٹرل کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ چہلم امام حسینؑ کے موقع پر پاک فوج، سول حکومت کی مدد کیلئے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کے ساتھ رینجرز، ایف سی اور دیگر فورسز کی بھی سکیورٹی خدمات سرانجام دینگی، پاک فوج کے جوان پہلے ہی سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے کاموں پر مامور ہیں۔
ادھر ٹریفک پولیس کراچی کی جانب سے چہلم کے موقع پر ماتمی جلوسوں کی گزرگاہوں کو محفوظ اور سہل بنانے کے لیے ٹریفک ڈائیورژن پلان جاری کر دیا گیا ہے۔