(24 نیوز) حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اب تک ملک بھر میں 19 لاکھ 21 ہزار سے زائد مکان تباہ ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1 ہزار 5 سو 45 ہو چکی ہے۔
این ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بارہ ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پاک فوج سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد میں پیش پیش
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں اور سیلاب سے سندھ میں 32 جبکہ بلوچستان میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔ صرف سندھ میں مجموعی طور پر 678 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
بلوچستان کی بات کی جائے تو بلوچستان میں 299، خيبرپختونخواء میں 306، پنجاب میں 191، گلگت بلتستان میں 22 جبکہ آزاد کشمیر میں 48 افراد بارشوں اور سیلاب سے ہونیوالے حادثات میں زندگى کى بازى ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 678 مرد، 315 خواتين اور 552 بچے شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیلاب سے 9 لاکھ 35 ہزار سے زائد جانور پانی میں بہہ کر ہلاک ہوئے۔