سب کو پیغام ہے ووٹ کے ذریعے تبدیلی ہونے دو،عمران خان 

Sep 17, 2022 | 18:49:PM

(24 نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاکہ آپ سب کو میری کال کا انتظار کرنا ہے، وہ وقت زیادہ دور نہیں جب اپنی قوم کو کال دوں گا، وہ کال صرف ایک مقصد کیلئے ہو گی کہ ملک کو دلدل سے نکالنا ہے، ملک کو دلدل سے نکالنے کیلئے صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں ،عمران خان نے کہاکہ قوم کہہ رہی ہے ووٹ کے ذریعے پرامن انقلاب کو آنے دو، سب کو پیغام ہے ووٹ کے ذریعے تبدیلی ہونے دو،میرا امپورٹڈ حکومت کو پیغام ہے یہ میچ اب آپ جیت نہیں سکتے، حکومت کو میرا پیغام ہے کچھ بھی کرلیں یہ میچ آپ ہار چکے ہیں۔
چارسدہ میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ میں ایک کال دوں گا آپ نے حقیقی آزادی کیلئے نکلنا ہے، ہمیں کسی سپرپاور کی غلامی نہیں کرنی، کسی کے خوف سے جنگ میں شرکت نہیں کرنی، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانی خیبرپختونخوا نے دی ، ہم اپنے ملک کی خارجہ پالیسی کو کسی ملک کیلئے قربان نہیں کرینگے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ جب تک انسان اپنے خوف پر قابو نہیں پاتا وہ بڑا انسان نہیں بنتا، جس انسان کو خوف ہوتا ہے وہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا، حقیقی آزادی حاصل کرکے ہم عظیم قوم بنیں گے۔
عمران خان نے کہاکہ سازش کے ذریعے جو حکومت آئی اس کے دو مقاصد تھے، امریکا چاہتا تھا یہاں ایسے حکمران آئیں جب حکم کریں جوتے پالش کریں، امریکا چاہتا تھا ایسے حکمران آئیں جو دنیا میں بھکاریوں کی طرح گھومیں، شہبازشریف نے کہا میں مانگنے نہیں آیا لیکن مجبور ہوں، کیا کسی ملک کا ایسا لیڈر ہوتا ہے؟ ۔
انہوں نے کہاکہ شہبازشریف کا بڑا بھائی امریکی صدر کے سامنے خوفزدہ ہو کر بیٹھا تھا، شہبازشریف کابڑا بھائی ایسے بیٹھاتھا جیسے بچہ ہیڈماسٹر کے سامنے بیٹھتا ہے، ان لوگوں نے قوم کو دنیا کے سامنے شرمندہ کیا، وقت آئے گا جب میرا پاکستانی دنیا میں فخر سے گھومے گا۔
عمران خان نے کہاکہ اس حکومت نے کہاکہ مشکلات اس لئے ہیں عمران خان بارودی سرنگیں چھوڑ کر گیا، اس حکومت نے کہامشکلات اس لئے ہیں پی ٹی آئی ملک دیوالیہ کر گئی ،ان کا کہناتھا کہ جب ہماری حکومت آئی پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ تھا، 24 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ،19 ارب ڈالر بیرون ملک پاکستانی بھیجتے تھے، جب حکومت چھوڑ کر گئے تھے تو خسارہ 16 ارب ڈالر تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کورونا کے باوجود ہم بہتر معیشت چھوڑ کر گئے تھے، کورونا کے باوجود ہمارے دور میں معاشی صورتحال بہتر تھی، ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا، ریکارڈ فصلیں ہوئیں۔
انہوں نے کہاکہ 17 سال کے دوران سب سے بہترین حکومت ہماری تھی، مولانا فضل الرحمان نے مہنگائی کے خلاف 2 مارچ کئے، ہم نے ان کے مارچ روکنے کیلئے کوئی کنٹینر نہیں لگایا، میں نے ان کو کہا اسلام آباد مارچ کرنے آﺅ سہولت دیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ انہوں نے آتے ہی اپنے کیسز ختم کرانے شروع کردیئے، ان کے کیسز کے افسر اور گواہ مارے گئے، جب تحقیقات ہونگی پتا چلے گا افسران کا انتقال نہیں ہوا مارے گئے، ان چوروں کی دولت میں 30 فیصد اضافہ ہوگیا، کبھی ان لیڈروں کو ووٹ نہ دینا جن کی دولت اور جائیداد باہر ہو، اللہ نے اگلی باری دی تو کسی ایسے شخص کو وزیر نہیں بناﺅں گا جس کا پیسہ باہر ہو، جو بھی اب قیادت میں آئے اس کا پیسہ جینا مرنا پاکستان میں ہو۔
عمران خان نے کہاکہ جب ہماری حکومت گئی عالمی منڈی میں تیل 103 ڈالر کا تھا، آج عالمی منڈی میں تیل 93 ڈالر کا ہے، ہمارے دور میں بجلی کا فی یونٹ قیمت 16 روپے تھی، آج بجلی کے فی یونٹ کی قیمت 36 روپے ہے، یہ آئے تھے مہنگائی کے اوپر لیکن انہوںنے مہنگائی کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ کسانوں نے سب سے زیادہ پیسہ ہمارے دور میں بنایاتھا، کسان احتجاج کیلئے نکل رہے ہیں میں ان کی حمایت کرتا ہوں، ان کا کہناتھا کہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک کہہ رہے ہیں یہ حکومت معیشت نہیں سنبھال سکتی، ملک کی معیشت تباہ ہوگئی، انڈسٹری بند ہو رہی ہے، آئی ایم ایف اور ورلڈبینک کہہ رہے ہیں پاکستان سری لنکا کی طرف جا رہا ہے، میرا امپورٹڈ حکومت کو پیغام ہے یہ میچ اب آپ جیت نہیں سکتے، حکومت کو میرا پیغام ہے کچھ بھی کرلیں یہ میچ آپ ہار چکے ہیں۔
 ان کا کہناتھا کہ امپورٹڈ حکومت ہمیں ہرانے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہی ہے، امپورٹڈ حکومت نے ہم پر جھوٹے کیسز قائم کئے، ظلم کیا، آپ سب کو میری کال کا انتظار کرنا ہے، وہ وقت زیادہ دور نہیں جب اپنی قوم کو کال دوں گا، وہ کال صرف ایک مقصد کیلئے ہو گی کہ ملک کو دلدل سے نکالنا ہے، ملک کو دلدل سے نکالنے کیلئے صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں ،عمران خان نے کہاکہ قوم کہہ رہی ہے ووٹ کے ذریعے پرامن انقلاب کو آنے دو، سب کو پیغام ہے ووٹ کے ذریعے تبدیلی ہونے دو۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے سخت قانون سازی کا فیصلہ

مزیدخبریں