(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )رہنما شاہ محمود قریشی کاکہناہے کہ حکومت چند دن کی مہمان ہے اسے گھر جانا ہوگا، عمران خان ملک بچانے کیلئے نکلے ہیں، پی ڈی ایم اپنی سیاست بچانے اور اقتدار کو طول دینے کے چکر میں ہے، ان کو الیکشن سے راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے۔
ملتان کے حلقے این اے 157 میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملکی تاریخ میں مہنگائی ریکارڈ حدوں کو چھو رہی ہے، پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں مہنگائی اور ملکی بحران کی ذمہ دار ہیں، حکمران نااہلی کا ملبہ دوسروں پر گرا کر حالات سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ پنجاب اورسندھ کی عوام نے ضمنی انتخابات میں امپورٹڈ حکمرانوں کو مسترد کیا، عوام بڑھتی مہنگائی کا غصہ 16 اکتوبر کو بلے پر مہر لگاکر نکالیں گے۔ان کاکہناتھا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معیشت روزبروز گر رہی ہے، ملک میں سیاسی استحکام کیلئے واحد حل فوری انتخابات کا اعلان ہے،اگر انتشار سے بچنا ہے تو انتخابات کی طرف جانا ہو گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوئی دو رائے نہیں ہے کہ حکومت لڑکھڑا رہی ہے، حکومت چند دن کی مہمان ہے اسے گھر جانا ہوگا،عمران خان ملک بچانے کیلئے نکلے ہیں، پی ڈی ایم اپنی سیاست بچانے اور اقتدار کو طول دینے کے چکر میں ہے، ان کو الیکشن سے راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے، لوٹے اور لیٹروں کا ہر میدان میں مقابلہ کریں گے۔
ان کا کہناتھا کہ عمران خان پاکستان کو تمام بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، عوام کی امیدوں کا واحد مرکز عمران خان کی قیادت ہے، پورا پاکستان عمران خان کی طرف دیکھ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی پنجاب کی سیاست میں اہم پیشرفت، جہانگیر ترین اور مخدوم احمد محمود میں صلح