( دُرِ نایاب) معاشرتی مسائل سے پریشان شہریوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کرنے کیلئے صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے لبرٹی میں پولیس خدمت مرکز کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضانقوی نے توسیعی منصوبے کا افتتاح کیا،وزیر اعلی محسن نقوی نے خدمت مرکز کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا،تحفظ مرکز ، میثاق مرکز، ویٹنگ روم اور کاونٹرز کابغور جائزہ بھی لیا، سید محسن رضا نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدمت مرکز پولیس نے اپنی مدد آپ کے تحت بنایا ہے،خدمت مرکز پر کرائم کنٹرول سے متعلقہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
محسن نقوی کامزید کہنا تھا کہ اب پولیس اہلکاروں کو تمام دوسرے محکموں کی طرح ہفتہ وار چھٹی دی جا رہی ہے،ہفتہ وار چھٹی سے کارکردگی مزید بہتر ہو گی،خدمت مرکز کے توسیع شدہ منصوبہ کے افتتاح کے موقع پر پولیس حکام کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں پونے 2کروڑ افراد پولیس خدمت مراکز سے استفادہ کر چکے ہیں،تحفظ مرکز میں ساڑھے 4ہزار سے زائد مصیبت زدہ افراد تحفظ اور سروسز حاصل کر چکے ہیں،صوبہ بھر میں 150پولیس خدمت مرکز،183پولیس خدمت سنٹر اور 37پولیس خدمت وینز عوام کو خدمات فراہم کررہی ہیں،37لاکھ سے زائد شہری کریکٹر سرٹیفیکٹ،کرائے دار، ملازمین کی رجسٹریشن،جنرل ویریفکیشن اورایف آئی آر کی کاپی حاصل کر چکے ہیں۔
خیال رہے کہ پولیس خدمت مرکز لبرٹی میں 10کاؤنٹر کی تعداد کو 30تک بڑھا دیا گیا ہے، ہر کاؤنٹر پر پولیس سے متعلق تمام سروسز حاصل کی جا سکیں گی،پولیس خدمت مرکز لبرٹی میں پولیس تحفظ مرکز اور میثاق سنٹر کا اضافہ کیا گیا ہے،پولیس تحفظ مرکز میں ٹرانس جینڈر اور دیگر نظر انداز طبقات کوتحفظ کی خدمات فراہم کی جائیں گی،میثاق سنٹر پر اقلیتی مذاہب کے شہریوں خاص طور پر مسیحی برادری کو ترجیحی بنیاد پرسروسز مہیا کی جائیں گی، پولیس خدمت مرکز میں ویٹنگ ایریا کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی شہزادہ خالد بن محمد انتقال کر گئے