تحریک انصاف کی قاضی فائز عیسیٰ کو بطور چیف جسٹس پاکستان حلف اٹھانے پر مبارکباد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے قاضی فائز عیسیٰ کو ملک کے 29 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر مبارکبادی پیغام جاری کیا گیاہے۔
تحریک انصاف نے چیف جسٹس سے انصاف کے تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی امید کا اظہارکیا ہے، ترجمان نے مبارکبادی پیغام میں کہاہے کہ امید کرتے ہیں کہ نو منتخب چیف جسٹس آئین و قانون کے اصولوں کے تحت انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کریں گے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ایک آزاد اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہمیشہ عدل و انصاف پر قائم ہوتی ہے،جن معاشروں کے لوگوں کو عدل و انصاف میسر نہ ہو وہ معاشرے تباہ ہو جاتے ہیں، شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور عدل و انصاف تک رسائی کی ذمہ داری عدلیہ پر عائد ہوتی ہے۔
مبارکبادی پیغام میں مزید کہا گیاہے کہ پاکستان تحریک انصاف قانون کی پاسداری کرنے والی جماعت ہے جس کا نظریہ قانون کی بالادستی اور عدل و انصاف کے اعلیٰ ترین اصولوں پر مبنی ہے،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی 27 سالہ سیاسی جدوجہد میں ہر قدم پر قوم کو آئین و قانون کی پاسداری کی تلقین کی گئی،تحریک انصاف چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اورملک کے نظامِ عدل سے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے مو¿ثر اقدامات کی متقاضی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ امید کرتے ہیں کہ سیاسی قیدیوں بالخصوص جیلوں میں قید خواتین کے آئینی حقوق کا تحفظ چیف جسٹس کی اولین ترجیح ہو گی،جبری طور پر لاپتہ کیے گئے افراد کے لواحقین بھی حصولِ انصاف کی آس میں چیف جسٹس کی جانب دیکھ رہے ہیں،اس وقت آئین کے تقدس اور قانون کی حرمت کیلئے قوم کی امیدوں کا مرکز و محور صرف عدلیہ ہے، پاکستان تحریک انصاف شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی خاطر نو منتخب چیف جسٹس کو اپنے مکمل تعاون کایقین دلاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری، ایک ساتھ 3 چھٹیاں