والدوسیم عباس کےساتھ کیوں کام نہیں کرسکتا؟علی عباس نے وجہ بتادی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) معروف اداکار علی عباس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے والد کے ساتھ کام نہیں کر سکتے۔
علی عباس کا شمارپاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے باصلاحیت اداکاروں میں ہوتاہے،وہ پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اداکاروگلوکارعنایت حسین بھٹی کے پوتے اورسینئراداکاروسیم عباس کے صاحبزادے ہیں۔
علی عباس حال ہی میں ندا یاسر اور یاسر نواز کے یوٹیوب شو میں نظر آئے جہاں اپنے والد وسیم عباس کے ساتھ اسکرین شیئر نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔
دوران انٹرویو گفتگو کرتے ہوئے میزبان نے کہاکہ علی عباس کے دادا،والد، والدہ، چچا، کزنز وغیرہ اس انڈسٹری کا حصہ ہیں تو جاوید شیخ کا خاندان واحد خاندان تو نہیں جن کا موازنہ "کپورز" سے کیا جائے بلکہ عباس فیملی بھی اتنی بڑی اور مقبول ہے۔
علی عباس نے میزبان سے اتفاق کرتے ہوئے بتایا کہ رمشاء خان ان کی سگی خالہ زاد بہن اور آغا علی سگی پھوپھی کا بیٹا ہے۔
اداکارعلی عباس نے انکشاف کیا کہ وہ کوشش کرتے ہیں کہ والد اداکار وسیم عباس کے ساتھ کام نہ کریں کیونکہ ان کے سامنے اداکاری نہیں کرسکتے،اگر کبھی کسی مجبوری کے تحت ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنا پڑ جائے تو ہمارے درمیان یہ طے شدہ ہے کہ ہم دونوں ایک دوسرے کی آنکھوں میں نہیں دیکھیں گے۔
علی عباس نے مزید بتایا کہ حال ہی میں ایک پراجیکٹ میں ہم دونوں نے ایک ساتھ کام کیا ہے،اس ڈرامہ سیریل میں کچھ سخت سینز تھے جس میں مجھے مشکل پیش آئی کیونکہ مجھ سے ان کے سامنے اداکاری نہیں ہوتی، ان کی آنکھوں میں دیکھنے کے بعد اپنی لائنز بھول جاتا ہوں، میں اداکاری کرتے ہوئے یہ بات ذہن سے نہیں نکال سکتا کہ سامنے میرا باپ نہیں کوئی کیریکٹر ہے، میں اپنے والد کا بے پناہ احترام کرتا ہوں اس لیے ان کے ساتھ کام کرنے سے اجتناب کرتا ہوں۔
علی عباس خالی ہاتھ، فطرت، فیصلہ، گڈو، تم کون پیا، تتلی، گرفت، کہاں دیپ جلے اور بے لگام جیسے کئی ڈراموں میں کام کرچکے ہیں۔