12 ربیع الاول , موبائل فون سروس معطل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) 12 ربیع الاول کی مناسبت سے ملک بھر میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ محافل اور جلوسوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے ، تاہم راولپنڈی اور کوئٹہ میں بھی اس موقع پر خصوصی جلوس نکالے جا رہے ہیں اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور مرکزی علاقوں میں موبائل فون سروس کو جزوی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اور کوئٹہ 12 ربیع الاول کی مناسبت سے راولپنڈی اور کوئٹہ میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل کر دی گئی ہے تاکہ مرکزی جلوس اور ملحقہ علاقوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔راولپنڈی میں موبائل سروس مرکزی جلوس کے روٹس اور اردگرد کے علاقوں میں معطل کی گئی ہے, اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور سی پی او راولپنڈی نے جلوس کے مختلف روٹس کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ مرکزی جلوس کا افتتاح پیر سرکار آف اکال گڑھ نے کیا، اور یہ جلوس مری روڈ، کمیٹی چوک، فوارہ چوک، راجہ بازار سے گزرتا ہوا رات گئے جامع مسجد روڈ پر اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس کے دوران لنگر اور نذرو نیاز کی تقسیم کے لئے ضلعی انتظامیہ نے خصوصی این او سی جاری کیے ہیں، جبکہ اسٹیج لگانے کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، جن کے تحت 5000 سے زائد پولیس افسران و جوان مختلف جلوسوں کی حفاظت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے لئے 2400 سے زائد افسران مامور ہیں، جبکہ دیگر 107 جلوسوں کے لئے 2600 سے زائد افسران تعینات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب کوئٹہ میں بھی 12 ربیع الاول کے موقع پر مرکزی جلوس کے دوران موبائل فون سروس کو معطل کیا گیا ہے, کوئٹہ میں جلوس باچا خان چوک سے شروع ہوا اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اپنے مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوگا, ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی ادارے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں اور ہدایت کی ہے کہ جلوس کے راستوں پر غیر ضروری حرکت سے گریز کریں۔