کورونا کی دوسری لہر بھارت میں تباہی مچا دے گی، جون تک روزانہ 2 ہزار سے زائد مریض مریں گے

Apr 18, 2021 | 08:59:AM

(24 نیوز)بھارت میں کورونا وائرس کی مہلک دوسری لہر کے باعث جون 2021 ء کے پہلے ہفتہ تک اندیشہ ہے کہ روزانہ تقریباً 1750 تا 2320 مریضوں کی جان لے گی۔

بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق لان سیٹ کووڈ۔19 کمیشن نے ایک رپورٹ میں متنبہ کیا ہے کہ اگر کورونا کے روک تھام کیلئے مناسب اقدامات فوری طورپر نہیں کئے جاتے ہیں تو جون تک سنگین نتائج بھگتنے پڑسکتے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق مہاراشٹرا ، چھتیس گڑھ ، کرناٹک ، دہلی ، تامل ناڈو ، اترپردیش ، مدھیہ پردیش اور گجرات عین ممکن ہے سب سے زیادہ متاثرہ ریاستیں رہیں گی ۔ ہندوستان میں کووڈ۔19 کی دوسری لہر اور ہنگامی اقدامات کے عنوان سے تیار کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ فروری 2021 ء کے پہلے ہفتہ میں 11794 نئے انفیکشن سے لے کر 10 اپریل تک 1,52,565 نئے کورونا مریضوں کا سفر بڑی تیزی سے پورا ہوا ہے ۔ اموات کی شرح روزانہ نئی بلندیوں کو چھورہی ہے ۔ فروری کے پہلے ہفتہ میں 116 کورونا مریض فوت ہورہے تھے جو بڑھتے ہوئے 10 اپریل تک 838 ہوگئے۔دوسری لہر نے 80 ہزار نئے انفیکشن کا نشانہ چھونے کیلئے 40 دن بھی نہیں لئے ۔ فروری میں روزانہ 10 ہزار نئے کیس سامنے آرہے تھے جو تیزی سے بڑھکر اپریل میں 80 ہزار نئے کیس ہوگئے ۔ ستمبر میں اس کے لئے 83 یوم درکار ہوئے تھے ۔ رپورٹ کے مطابق کئی پازیٹیو کیسوں میں علامتیں واضح طور پر ظاہر نہیں ہورہی ہیں یا پھر علامتوں کی شدت میں نمایاں کمی ہیں ۔ مالی اعتبار سے بھارت  کو ٹیسٹ کیلئے 7.8 بلین ڈالر  سے زائد اور نگہداشت صحت کے سلسلہ میں ستمبر 2021 ء تک 1.7 بلین ڈالر کی ضرورت پڑسکتی ہے ۔ ہفتہ کے روز  2 لاکھ سے زائد نئے کورونا مریض سامنے آئے جو بھارت میں ایک دن کا ریکارڈ اضافہ ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: ’’دیکھو دیکھو شیر آیا‘‘ لالو کی ضمانت منظور۔۔۔!

مزیدخبریں