جی ڈی پی گروتھ کو 6 سے 7 فیصد تک لانے میں ہی معاشی مسائل کا حل ہے, وزیر خزانہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ جی ڈی پی گروتھ کو کم سے کم 6 سے 7 فیصد تک لانے میں ہی معاشی مسائل کا حل ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے ملاقات کی، جس میں ملکی معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اس ملاقات میں وفاقی وزیر حماد اظہر اور حکومتی جماعت کے سوشل میڈیا ارکان بھی موجود تھے۔
ملاقات میں شریک افراد نے شوکت ترین سے معاشی پلان سے متعلق سوالات کئے، شوکت ترین کے نجی ٹی وی چینل پر حکومت کی معاشی صورتحال پر کئے گئے تبصرے پر بھی سوال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق شوکت ترین نے کہا کہ ٹی وی انٹرویو میں کہی گئی باتیں صرف موجودہ حکومت سے متعلق نہیں۔ کم دورانیے کے پروگرام میں معاشی صورتحال کی مکمل تفصیل نہیں بتائی جاسکی، معاشی صورتحال پر گفتگو میں ماضی کی حکومتوں کی جانب اشارہ تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے شوکت ترین کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ شوکت ترین کو 35 سالوں سے جانتا ہوں، یہ شوکت خانم ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز کا بھی حصہ رہے ہیں۔
وزیرخزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ انچاس سالہ معاشی تجربہ کی بنیاد پر کہہ سکتا ہوں کہ معاشی مسائل کا صرف 1 ہی حل ہے۔ جی ڈی پی گروتھ کو کم سے کم 6 سے 7 فیصد تک لانا ہوگا۔وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ گورنر سٹیٹ بینک نے بہترین اصلاحاتی کام کیا۔ساتھ میں انھوں نے گورنرسٹیٹ بینک کی تبدیلی کا امکان بھی مسترد کردیا اور کہا کہ رضا باقر کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مجھے روزانہ 114 ڈالر الاﺅنس ملتا ہے اور میں ۔۔۔وکٹ کیپر محمد رضوان نے شاندار بیان دیدیا