میانداد نے36سال قبل بھارتی ٹیم کو نہ سوکھنے والا زخم دیا تھا، بھارتی ذرائع ابلاغ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ کے میدان پر بادشاہت کی جنگ بہت پرانی ہے۔ون ڈے عالمی کپ میں پاکستان آج تک بھارت کو نہیں ہرا پایا ہے، لیکن 36 سال پہلے پاکستانی کرکٹ ٹیم نے شارجہ کے میدان پر بھارتی ٹیم کو نا سوکھنے والا ایک گہرا زخمی دے دیا تھا۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان جب بھی کسی کرکٹ میچ کا ذکر چھڑتا ہے تو جاوید میانداد کے تاریخی چھکے کی بات ضرور ہوتی ہے۔
بھارت کے ایک اردو نجی ٹی وی کےمطابق18 اپریل 1986 کو شارجہ میں بھارت اور پاکستان کے درمیان آسٹریلیشیا کپ کا فائنل کھیلا گیا۔ بھارت نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سات وکٹ پر 245 رن بنائے۔ اوپننگ بیٹسمین سنیل گواسکر نے 92، شری کانت نے 75 اور دلیپ وینگ سرکار نے 50 رن بنائے۔ وسیم اکرم نے تین جبکہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے دو وکٹ حاصل کئے۔بھارت ٹیم نے جواب میں اچھی بالنگ کی اور 241 رن بننے تک پاکستان کے 9 وکٹ حاصل کرلئے۔ دوسرے اینڈ پر جاوید میانداد چٹان کی طرح کھڑے تھے۔ میچ کا آخری اوور تاریخی رہا۔ پاکستان 49.5 اوور میں 242 رن بناچکا تھا۔ اسے جیت کے لئے میچ کی آخری گیند پر چار رن کی ضرورت تھی۔ ٹیم انڈیا کی طرف سے چیتن بالنگ کر رہے تھے۔ جاوید میانداد نے آخری گیند پر چھکا لگاکر پاکستان کو جیت دلا دی۔اس چھکے کے بعد جاوید میانداد کی زندگی بدل گئی۔ حبیب بینک میں انہیں پروموشن ملا، انہیں ہیرے کا ایک ہار ملا، جس کی قیمت 80 ہزار ڈالر تھی۔ ساتھ ہی جاوید میانداد کو مرسڈیز کار تحفے میں ملی۔ دوسری طرف اس وقت صرف 20 سال کے چیتن شرما اس میچ میں ویلین کے طور پر دیکھے گئے۔ حالانکہ اس میچ کے ایک سال بعد ہی چیتن شرما نے ہیٹ ٹرک لے کر تہلکہ مچا دیا تھا۔جاوید میانداد کے چھکے نے پاکستان میں ان کا قد دیگر کھلاڑیوں سے بے حد اونچا کر دیا۔ ان کے اس چھکے پر پاکستان کے بچوں کو نظم بھی پڑھایا جانے لگا۔ اس حادثہ کا دلچسپ ذکر پاکستان کے سابق آل راونڈر شاہد آفریدی نے اپنی خود نوشت ’گیم چینجر‘ میں کیا ہے۔ آل راؤنڈر شاہد آفریدی کہتے ہیں کہ یہ صرف ایک چھکا یا جیت کی بات نہیں ہے۔ یہ تو ایک نفسیاتی سبقت کی بات ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ بھارت اور پاکستان ہمیشہ سخت حریف رہے ہیں۔ ایسے میں جاوید میانداد کا یہ شاٹ کروڑوں پاکستانیوں اور بھارتیوں کے دل ودماغ میں بس گیا تھا۔اس چھکے نے پاکستان کو بھارت پر نفسیاتی سبقت دلا دی تھی۔ حالانکہ کچھ سال بعد بھارت اس جھٹکے سے ابھر گیا۔تاہم آج بھی جب ابو ظہبی میں بھارت سے میچ ہوتا ہے تو پاکستان کا حوصلہ بلند ہوجاتا ہے۔ گزشتہ سال بھی ٹی20 عالمی کپ میں پاکستان نے ابو ظہبی میں بھارتی ٹیم کو زبردست طریقے سے شکست دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:شہباز حکومت کو بڑا دھچکا، عوامی نیشنل پارٹی کی وفاقی کابینہ کا حصہ بننے سے معذرت