ثاقب نثار سیاست چمکانے کیلئے چھٹی کے دن بھی عدالت لگاتے تھے، وزیراعظم

Apr 18, 2023 | 13:19:PM

(24 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سابق چیف جسٹس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہےکہ ثاقب نثارغریب کو انصاف کیلئے نہیں سیاسی دکان چمکانےکیلئے عدالت لگاتے تھے۔

راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کے دورے کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مریضوں کا علاج کرنا بہت بڑی عبادت ہے، اس اسپتال کی تعمیر میں 5 ارب روپے لگ چکے ہیں، اسپتال کو بہت پہلے دکھی انسانیت کی خدمت میں کردار ادا کرنا چاہیئے تھا۔

انہوں نےکہا کہ پچھلی حکومت نے اس اسپتال کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا تھا لیکن کورونا کے دنوں میں بھی اسپتال نے بے پناہ خدمات انجام دیں۔

یہ بھی پڑھیے: ڈیم فنڈ پر سپریم کورٹ کے اختیارات کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا

   وزیراعظم نے سابق چیف جسٹس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایک شخص دن رات کہتا تھا کہ شہباز شریف نے 20 ارب روپے کہاں لگائے، وہ شخص کہتا تھا کہ 20 ارب روپے غرق ہوگئے ہیں، اس شخص کا نام ہے ثاقب نثار، اگر 20 ارب غرق ہوگئے تھے تو لاہور کا سب سے بڑا کورونا سینٹر کیسے بن گیا، پی کے ایل آئی میں مفت پیوند کاری کا انتظام کیا گیا تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ثاقب نثارغریب کو انصاف کیلئے نہیں سیاسی دکان چمکانے کیلئے عدالت لگاتے تھے، ثاقب نثار حنیف عباسی کو شکست دلانے کیلئے شیخ رشید کے ایجنٹ بن کر حلقے میں گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت کے میدان میں سیاست کو شجرہ ممنوعہ قرار دینا چاہیئے، تعلیم اور صحت کے میدان میں سیاست کی قطع اجازت نہیں ہونا چاہیئے۔

مزیدخبریں