(24 نیوز )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )عمران خان سے مرکزی صدر پی ٹی آئی چودھری پرویزالٰہی نے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی کے درمیان پنجاب میں الیکشن کے حوالے سے تفصیلی مشاورت عمل میں آئی ہے، عمران خان نے ملاقات میں خصوصی طور پر مونس الٰہی کی خیریت بھی دریافت کی ، عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مان کر حکمران غلط روایت ڈال رہے ہیں، توہین عدالت پر پہلے یوسف رضا گیلانی نے نا اہلی بھگتی اب انشاء اللہ شہبازشریف بھی بھگتے گا، پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے حوالے سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رہے ہیں، خواجہ طارق رحیم اور فواد چودھری اس درخواست پیروی کریں گے۔
چودھری پرویزالٰہی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب میں امیدواروں پر تفصیلی مشاورت ہوئی ہے، ٹکٹوں کا اعلان عمران خان خود کریں گے، الیکشن کو روکنے کیلئے ہر غیر آئینی ہتھکنڈہ استعمال کیا جا رہا ہے،نااہل حکمرانوں کو اپنے ہر غیر آئینی اقدام کا جواب دینا ہو گا، شہباز شریف کسی بھی صورت اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں چاہے انہیں آئین شکنی ہی کیوں نہ کرنی پڑے،آئین شکن شوباز شریف قوم کے سامنے بری طرح ایکسپوز ہو چکاہے۔