(ویب ڈیسک) بھارتی مزاحیہ پروگرام ’دی کپل شرما شو‘ کے میزبان کپل شرما نے شو کے بند ہونے سے متعلق خبروں پر ردعمل کا اظہار کر دیا ہے ۔
تفصیلات کےمطابق 2016ء میں شروع ہونے والے مزاحیہ پروگرام نے بھارت اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنی شہرت کا سکہ منوایا ہے ، اس شو کی بدولت کئی فنکار مشہور ہوئے ہیں ، اپنے مشہور ترین شو کے عارضی طور پر بند ہونے سے متعلق اب کپل شرما نے خود بھی بات کی ہے، بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا ہے کہ اب تک فائنل نہیں ہوا ہے کہ شو کو کب بند کیا جائے گا، ہمارے شو کی ٹیم جولائی میں اپنے لائیو ٹور کے لیے امریکا جائے گی، اس دوران دیکھیں گے کہ آگے کیا کرنا ہے۔
گزشتہ کچھ برسوں سے دی کپل شرما شو کو عارضی طور پر آف ایئر کر دیا جاتا ہے جس کی وجہ اس شو کے فنکاروں کا بریک لینا، تازہ دم ہو کر واپس آنا اور میزبان کپل شرما کا اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنا ہے، یاد رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم جون کو دی کپل شرما شو کے چوتھے سیزن کی آخری قسط نشر کی جائے گی جس کے بعد پروگرام کو غیر معینہ مدت کے لیے آف ایئر کر دیا جائے گا۔