راولپنڈی: (24 نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف علاج کرانے کے بعد واپس آئیں گے، عمران خان اگر سڑکوں پر آنا چاہتے ہیں تو لازمی آئیں۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے افطار ڈنر کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہوتی ہے، الیکشن کے سوموٹو والے بینچ پر بہت سے سوالات ہیں، اسمبلی کی تحلیل انتشار کی شروعات تھی، پیسہ دینے کے لیے ایک طریقہ کار ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ مذاکرات کس ایشو پر ہوں گے؟ مذاکرات کے لیے مقصد ہونا چاہیے، سیاست میں اختلافات ہوتے ہیں، میں ہر پارٹی پالیسی کے ساتھ ہوں، ملک کے لیے بات کرنا پارٹی پالیسی کی بات نہیں ہوتی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک کے پاس آمدن نہیں ہے، خرچہ کرنے کے لیے قرض لیتے ہیں سود بڑھ جاتا ہے، ملک کے لیے تمام پارٹیوں کو ہاتھ بڑھانے کی ضرورت ہے۔