حضرت امام حسین کی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور کل مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائےگا

Aug 18, 2021 | 00:10:AM

(24 نیوز)نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اوران کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور کل دسویں محرم الحرام  کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا ۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوں گے،مرکزی امام بارگاہوں سے نویں اور دسویں محرم کی درمیانی شب مرکزی جلوس برآمد ہو گئے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے 10محرم الحرام کواپنی منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے جس کے بعدشام غریباں برپا کی جائیں گی۔ نو اور دس محرم الحرام کو مساجد میں بھی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں حضرت امام حسین اور ان کے رفقاءکی عظیم قربانی پر روسنی ڈالی جائے گی ۔وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے۔نو اور دس محرم الحرام کو ماتمی جلوسوں کے روٹس اور اطراف میں موبائل فون سروس معطل رہے گی جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔

امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے حساس علاقوں میں پولیس کے ساتھ پاک فوج ، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہیں۔دس محرم الحرام کو مرکزی جلوسوں میں شامل ہونے والے مختلف مقامات پر جامع تلاشی کے بعد شامل ہو سکیں گے اس کے لئے واک تھرو گیٹس بھی نصب کیے جائیں گے جبکہ جلوسوں کے منتظمین اور رضا کار بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہوںگے۔ جلوس کے راستوں میں بغیر اجاز ت پانی اور دودھ کی سبیلیں لگانے اور نیاز تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہو گی اور اس سلسلہ میں منتظمین کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ اس پر پابندی کے ذمہ داری ہوں گے کہ کوئی بھی اجنبی شخص اپنے طور پر کھانے پینے کی اشیاءتقسیم نہ کرے ۔ جلوسوں کے راستوں میں آنے والے تجارتی مراکز اور رہائشگاہوں کی جامع تلاشی کے بعد ان کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے ہیں ۔عاشور کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کےلئے امام بارگاہوں، مساجد، عبادت گاہوں اور مزارات کی سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے ۔جبکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کے پیش نظر تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ ہے اور تمام ایم ایس صاحبان کو ڈاکٹروں اورپیرا میڈیکل سٹاف کو الرٹ رکھنے اور ادویات کا متعلقہ سٹاک پورا رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں ۔

پنجاب حکومت نے یوم عاشور کے موقع پر جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کے حوالے سے تمام انتظامات پیشگی مکمل کر لئے ہیں ۔ جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں ۔صوبائی، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز قائم ہیں جبکہ جلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے 4 درجاتی حصار بنائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں، جنریٹرز، لائٹس، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور دیگرآلات کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ نویں اوردسویں محرم کے موقع پر بھی صوبہ بھر میں ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد ہو گی ۔آج 9ویں محرم الحرام کی مناسبت سے ملک بھر میں شبیہ ذولجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوں گے۔لاہور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اسی مقام پر واپس آکر اختتام پذیر ہوگا ۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا ۔اسلام آباد میں مرکزی جلوس سیکٹر جی 6 ٹو امام بارگاہ سے برآمد ہوگا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوگا ۔گوجرانوالہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حویلی سادات سے برآمد ہوگا جبکہ ملتان میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہوگا ۔
یہ بھی پڑھیں:  آرمی چیف سے افغان وفد کی ملاقات ،افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال

 

مزیدخبریں