(نیوز ایجنسی)پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے 3 سال مہنگائی کے ستائے عوام پر بھاری رہے ، چینی 49 روپے 92 پیسے فی کلو، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 362 روپے 33 پیسے ، گھی 178 روپے 90 پیسے اور دالیں 95 روپے 60 پیسے فی کلو تک مہنگی ہوگئیں، دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق موجودہ حکومت کے 3 سالوں کے دوران چینی اوسط 49 روپے 92 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، اگست 2018 میں چینی کی اوسط قیمت 55 روپے 59 پیسے فی کلو تھی جو بڑھ کر اب 105 روپے 51 پیسے فی کلو ہوچکی ہے ۔ موجودہ حکومت میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 115 روپے فی کلو تک بھی پہنچی تھی۔ دستاویز کے مطابق اگست 2018 تا اگست 2021 کے دوران گھی 178 روپے 90 پیسے ، دال ماش 95 روپے 60 پیسے ، دال مسور 43 روپے 94 پیسے ، دال مونگ 68 روپے 86 پیسے ، دال چنا 29 روپے 77 پیسے ، بکرے کا گوشت 337 روپے 47 پیسے اور گائے کا گوشت 169 روپے 52 پیسے جبکہ زندہ مرغی برائلر 37 روپے 91 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ موجودہ حکومت کے 3 سالوں میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسط 362 روپے 33 پیسے مہنگا ہوا۔
اگست 2018 میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی اوسط قیمت 771 روپے 20 پیسے تھی جو بڑھ کر اب 1133 روپے 53 پیسے ہوچکی ہے ۔ اسی طرح تازہ دودھ 25 روپے 89 پیسے فی لٹر، دہی 26 روپے 78 پیسے ، گڑ 55 روپے 41 پیسے ، آلو 18 روپے 73 پیسے ، لہسن 120 روپے 68 پیسے اور چاول 19روپے 35 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے ۔ موجودہ دور حکومت میں انڈوں کی قیمت میں 58 روپے 37 پیسے اور کیلے کی قیمت میں 7 روپے 92 پیسے فی درجن اضافہ ہوا۔ دستاویز کے مطابق موجودہ دور حکومت میں ٹماٹر اوسط 12 روپے 95 پیسے اور پیاز 2 روپے 59 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے جبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 530 روپے 13 پیسے مہنگا ہوا۔ اگست 2018 میں سر خ مرچ کی فی کلو قیمت 340 روپے 21 پیسے تھی، اب 200 گرام کا پیکٹ 380 روپے کا ہوچکا ہے ۔
لیگی حکومت کے آخری سال 2017-18 میں مہنگائی کی اوسط شرح 4.68 فیصد تھی جو مالی سال 2020-21 میں بڑھ کر 8.9 فیصد ہوگئی ہے ۔ حکام کے مطابق موجودہ حکومت میں اب تک بجلی 5 روپے 80 پیسے فی یونٹ اور گیس 334 فیصد تک مہنگی ہوئی جس کے باعث صارفین پر مجموعی طور پر 700 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑا۔ دنیا نیوز کے مطابق ملک میں 2 ہفتوں کے دوران لہسن اور ٹماٹر کی قیمتوں کو پر لگ گئے ، ادارہ شماریات کے مطابق لہسن 70 روپے اور ٹماٹر 30 روپے کلو مہنگے ہوئے ۔ گوجرانوالہ میں لہسن 70 روپے فی کلو مہنگا ہو کر 280 روپے فی کلو تک پہنچ گیا۔ اسلام آباد میں گزشتہ 2 ہفتوں میں لہسن کی قیمت میں 40 روپے فی کلو اضافہ ہوا اور لہسن کی فی کلو قیمت 320 روپے تک پہنچ گئی۔ راولپنڈی میں لہسن 20 روپے مہنگا ہوکر 280 روپے فی کلو ہوگیا۔ لاہور اور فیصل آباد میں لہسن 20 روپے فی کلو مہنگا ہوا۔ حیدر آباد میں ٹماٹر 2 ہفتوں میں 70 سے 100 روپے فی کلو تک پہنچ گیا جبکہ جڑواں شہروں میں ٹماٹر کی قیمت 120 روپے فی کلو ہوگئی ہے ۔ گوجرانوالہ میں ٹماٹر 20 روپے مہنگا ہوکر 100 روپے کلو تک پہنچ گیا۔
یہ بھی پڑھیں۔طالبان نے ہسپتال میں چو ری کرنے وا لے کے ہاتھ کا ٹنے کے بجا ئے معا فی دے دی۔۔ویڈیو وا ئرل
حکومت کے 3سال عوام پر بھاری۔چینی 50، گھی 179روپے کلو، آٹا تھیلا 362روپے مہنگا
Aug 18, 2021 | 19:12:PM