اسماعیل ہانیہ کا ملا برادر کو فون۔ امریکا کو شکست دینے پرمبارک باد

Aug 18, 2021 | 22:24:PM

  (24نیوز )اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے تحریک طالبان کے رہنما اور قفغانستان کے متوقع صدرملا عبدالغنی برادر کو ٹیلیفون کرکے انہیں امریکا کو شکست فاش دینے کی مبارک باد پیش کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس رہ نما نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پر قابض امریکی فوج کے تسلط کا خاتمہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہرظالم طاقت کے مقدر میں زوال ہے۔ افغانستان میں امریکی شکست ارض فلسطین پر قابض صہیونی ریاست کے زوال کا ذریعہ ثابت ہوگی۔
اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ حماس اور پوری فلسطینی قوم کو افغانستان میں امریکی استبداد کی شکست اور طالبان کی فتح کی خوشی ہے۔ حماس اور فلسطینی قوم افغانستان کی ترقی، خوش حالی اور استحکام کی خواہاں ہے۔ انہوں نے طالبان کی سیاسی اور ابلاغی خدمات کو بھی سراہا۔
دوسری جانب ملا عبدالغنی برادر نے اسماعیل ھنیہ کی طرف سے تہنیتی پیغام پران کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مظلوم فلسطینی قوم کی جابر اور قابض صہیونی دشمن کے پنجہ استبداد سے آزادی کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب ہمارا قبلہ اول اور مقبوضہ بیت المقدس بھی آزادی کی فضاوں میں سانس لیں گے۔
 یہ بھی پڑھیں۔مجھے بچانے والے ہی نوچتے رہے۔۔ خاتون ٹک ٹاکرکا دل دہلا دینے والا بیان

مزیدخبریں