کابل میں زندگی بحال ۔بازار کھل ‌گئے۔طالبان کو پھول پیش

Aug 18, 2021 | 23:14:PM

 (24نیوز)طالبان کے کنٹرول کے تیسرے روز افغان دارالحکومت کابل میں معمولاتِ زندگی بحال ہوگئے اور مارکیٹیں بھی کھل گئیں۔
کابل کے بازاروں میں لوگوں کی خرید و فروخت کا سلسلہ جاری رہا ، دکان داروں نے صورتِ حال کو اطمینان بخش قرار دیا ہے تاہم لوگ بڑھتی مہنگائی سے پریشان دکھائی دیئے۔ دارالحکومت کی سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں رہا۔
 شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں افغان قیادت ہتھیار رکھ کر اور پرامن ماحول میں رہ کر افغانستان کے استحکام کے لئے کام کرےگی۔ عالمی میڈیا اور مقامی صحافیوں کی جانب سے کابل کی صورت حال کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹنگ جاری رہی۔
 ادھر کابل پر طالبان کی جانب سے کنٹرول حاصل کرنے کے بعد بیشتر افغان شہری اپنے مستقبل کے حوالے سے تشویش کا شکار ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ ملک چھوڑچکے ہیں یا کوشش کررہے ہیں۔وہ شہری جنہوں نے ملک میں رہنے کو ہی ترجیح دی ہے وہ طالبان جنگجوں کا سرخ اور سفید گلاب سے استقبال کررہے ہیں۔ فوٹیج میں مردوں اور لڑکوں کو طالبان جنگجوں کو علامتی رنگ کے پھو دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق خوفزدہ شہری مختلف چوراہوں اور چوکیوں پر تعینات طالبان اہلکاروں کے پاس جاکر پھول پیش کررہے ہیں۔ افغان روایات کے مطابق سرخ اور سفید پھول دوستی اور معافی کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔کابل کے خوفزدہ خاندان طالبان کو پھول پیش کر کے ان کے ساتھ دوستی کا ہاتھ بڑھانا اور تعلقات کے پل استوار کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان کے نئے حکمران ان کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں۔افغانستان میں کونسا نظام چلے گا؟؟؟سینئر طالبان رہنما نے کھل کر بتا دیا

مزیدخبریں