کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، پیپلز پارٹی کا علاقائی عہدیدار قتل

Aug 18, 2023 | 14:55:PM
 کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، پیپلز پارٹی کا علاقائی عہدیدار قتل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ٹارگٹ کلنگ کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آ گیا،3 موٹرسائیکل سوار ملزموں نے گولیاں مار کر پیپلز پارٹی کے علاقائی عہدے دار کو قتل کردیا ۔

 تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن لال شہباز نگر کے علاقے میں زیڈ ٹو بس سٹاپ کے قریب ٹارگٹ کلنگ کی واردات کے بعد مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت 40 سالہ امجد حسین ولد نورالہدیٰ کے نام سے کی گئی ۔

پولیس کے مطابق واقعہ ابتدائی طور پر ٹارگٹ کلنگ کا معلوم ہوتا ہے، مقتول کو ملزموں نے 10 گولیاں ماریں، جن میں 3 سر پر ، بازوؤں  پر،  2 ، 2 جبکہ 3 گولیاں پیٹ پر لگیں۔

جائے وقوع سے نائن ایم ایم اور 30 بور پستول کے خول ملے ہیں ،مقتول یوسی 7 میں قائم پیپلز پارٹی کے دفتر کے قریب موٹر سائیکل پر بیٹھا تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار 3 ملزموں نے اسے اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا جبکہ اس حوالے سے یہ بھی پتا چلا ہے کہ ملزم فائرنگ کر کے واپس آئے اور مقتول پر مزید گولیاں چلائیں اور موقع سے فرار ہوگئے ۔

یہ بھی پڑھیں: گھر کی دہلیز پرصحافی  قتل

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرنے کیلئے نگرانی سخت کر دی گئی اور چھاپے مارے جا رہے ہیں جلد ہی ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ مقتول امجد حسین بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے وارڈ 3 یونین کونسل 7 میں جنرل کونسلر کا بھی امیدوار تھا جو کہ الیکشن ہار گیا تھا۔