وہی ہونا چاہیئے جو ملک و قوم کیلئے بہتر ہو، عمران کی گرفتاری پر شاہد آفریدی کا ردعمل

Aug 18, 2023 | 18:41:PM

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہی ہونا چاہیئے جو اس ملک اور قوم کیلئے بہتر ہو۔

امریکا کے دورے پر موجود شاہد آفریدی نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں عمران خان کی گرفتاری اور سزا پر کوئی بھی واضح جواب دینے سے گریز کیا۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ 1996ء سے لےکر 2021ء تک میں بھی پی ٹی آئی کا حصہ رہ چکا ہوں، 2013ء میں عمران خان کو پہلی مرتبہ ووٹ دیا تھا لیکن میں ابھی امریکا کرکٹ کھیلنے کیلئے آیا ہوں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے اللہ تعالیٰ انسان کو زندگی میں بہت کچھ دیتا ہے لیکن اسے سنبھال کر رکھنا انسان کے اپنے ہاتھ میں ہے، میرا خیال ہے زندگی میں اور بھی بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا، میری خواہش ہے جو بھی ہو اس ملک کیلئے بہتر ہو۔ آئندہ وقتوں میں خود وزیراعظم دیکھنے کے سوال پر شاہد آفریدی نے کہاکہ میں ان چیزوں میں نہیں پڑنا چاہتا، نہ مجھے شوق ہے اللہ نے مجھے بہت عزت دی ہے، فاؤنڈیشن کے ذریعے جو کچھ ملک کیلئے کر سکا ضرور کروں گا۔

یہ بھی پڑھیے: چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات, آنے والے ایونٹس کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

ایک سوال کے جواب پر شاہد آفریدی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ حقیقت میں تو سیاست کر رہا ہوں کیوں کہ پاکستان اور عوام کی خدمت کرنا سیاستدانوں کا کام ہے جو میں کررہا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ انسانیت کی خدمت ایک بہترین عمل ہے کیوںکہ میں ایک ایسے ملک سے ہوں جہاں پریشانیاں بہت زیادہ ہیں تاہم اس ملک نے مجھے وہ کچھ دیا ہے جس کا میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا، میرے نزدیک یہ دنیا کا بہترین ملک ہے جس سے زیادہ خوبصورت ملک کوئی اور نہیں ہے۔

ورلڈکپ کیلئے پاکستان ٹیم کے بھارت جانے کے پی سی بی کے فیصلے کو شاہد آفریدی نے بہترین فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ اور سیاست کو ایک دوسرے سے علیحدہ ہی رکھنا چاہیئے اور پھر پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں بھارت کو سپورٹ کیا ہے۔

مزیدخبریں