(ویب ڈیسک)آسٹریلیا کے بیٹر اسٹیو اسمتھ اور فاسٹ بولر مچل اسٹارک جنوبی افریقا کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق اسٹیو اسمتھ اور مچل اسٹارک انجری کی وجہ سے جنوبی افریقا کے خلاف اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں اسٹیو اسمتھ کی جگہ ایشٹن ٹرنر اور ایک روزہ میچز میں مارنس لبوشین کو شامل کیا گیا ہے جبکہ فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی جگہ سپینسر جونسن کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اس حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسٹیو اسمتھ کو بائیں ہاتھ کی کلائی میں انجری ہوئی ہے جس کی وجہ سے وہ 4 ہفتوں تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ایشز سیریز سے واپسی کے بعد مچل اسٹارک کو بھی گروئن انجری ہوئی ہے، امید ہے کہ دونوں کھلاڑی ورلڈ کپ سے پہلے فٹ ہو جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:وہی ہونا چاہیئے جو ملک و قوم کیلئے بہتر ہو، عمران کی گرفتاری پر شاہد آفریدی کا ردعمل
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر جارج بیلی نے کہا ہے کہ ہم نے مشورہ کیا ہے کہ اسٹیو اسمتھ اور مچل اسٹارک کا بھارت میں ٹیم کو جوائن کرنا بہتر رہے گا، اس وقت ہماری ترجیح ورلڈکپ ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے بتایا کہ مچل مارش وائٹ بال کے دونوں فارمیٹس میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 30 اگست کو کھیلا جائے گا۔