سائفر اور 9 مئی واقعات کے حقائق جاننے کیلئے عدالتی کمیشن قائم کیا جائے، پی ٹی آئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کی جانب سے امریکی سائفر اور 9 مئی کے واقعات پر اعلیٰ سطحی عدالتی کمشینز کی تشکیل کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
جمعے کو منقعد ہونے والے پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں حکومت پر زور دیا گیا کہ امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر کے بھجوائے گئے سائفر (خفیہ مراسلے) اور 9 مئی کے واقعات پر حقائق کے تعین اور قوم کی ان سے آگاہی کیلئے فوری طور پر اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشنز کی تشکیل کی جائے۔
پی ٹی آئی کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ عمران خان نے اپنی 3 عشروں پر محیط سیاسی جدوجہد میں مرکز گریز قوتوں کے مقابلے میں ریاست اور وفاق کو غیرمعمولی تقویت پہنچائی لیکن اب بدترین انتقامی کارروائیوں کے ذریعے پی ٹی آئی کو کمزور کر کے انتہاپسند، شدت پسند اور پرتشدد گروہوں کیلئے سیاست کے دروازے کھولے جا رہے ہیں۔
اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا کہ پچھلے 5 روز کے دوران خاص طور پر جنوبی پنجاب میں پی ٹی آئی سے وابستہ شخصیات کیخلاف ریاست کی مبینہ وحشیانہ کارروائیوں میں تیزی آئی ہے اور پارٹی توڑنے اور کارکنان و ذمہ داران کو تحریک سے علیحدگی اختیار کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
پارٹی اعلامیے میں کہا گیا کہ محسن لغاری، نواب زادہ منصور علی خان، نیاز حسین جھکڑ، سیف الدین کھوسہ اور فیصل نیازی سمیت متعدد قائدین اور ان کے اہلخانہ کو بدترین انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ محسن لغاری کو پارٹی سے علحیدگی اختیار کرنے پر مجبور کرنے کیلئے ان کے جواں سال بیٹے پر بھی وحشیانہ تشدد کیا گیا جو قابل مذمت ہے۔
یہ بھی پڑھیے: شہبازشریف نے سیاسی جماعتوں سے انتخابی اتحاد کا عندیہ دیدیا
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف مقدمات پر اب تک کی پیشرفت پر قانونی ٹیم نے کور کمیٹی کو بریفننگ دی جس پر کور کمیٹی کی جانب سے نہایت محنت، لگن اور مؤثر انداز میں مقدمات کی پیروی کرنے پر قانونی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اس موقع پر عمران خان کی اپیل کی 22 اگست کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی اور مذکورہ سماعت کے نتیجے میں پارٹی چیئرمین کی سزا کی معطلی اور ان کے بنیادی آئینی و قانونی حقوق کی بحالی پر امید کا اظہار کیا گیا۔
چوہدری مونس الہی خصوصی دعوت پر کور کمیٹی کے اجلاس میں شریک کی۔ اس موقع پر کور کمیٹی کی جانب سے ریاستی جبر کا ثابت قدمی سے مقابلہ کرنے پر پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویزالہی سمیت تمام قائدین اور کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔