علی ظفر نے پاکستان کی پہلی اے آئی میوزک ویڈیوریلیزکردی
نامور گلوکار نے تھرپارکر سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ نرملا کو متعارف کروایاہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)نامورگلوکار علی ظفر نے ایک اور سُریلی آواز کی حامل گلوکارہ نرملا کو متعارف کرا دیا،اس گانے کی ویڈٰیو بنانے میں پاکستان میں پہلی بار اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار نے اپنے لیبل" لائٹنگیل ریکارڈز "کے تحت تھرپارکر سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ نرملا کے پہلے گانے "رنگ رسیا" کو ریلیز کرکے تمام رکاوٹیں توڑدیں،گانے کوعلی ظفر نے پروڈیوس اور ڈائریکٹ کیا ہے۔
علی ظفر نے اپنی ایک حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ کچھ سال پہلے مجھے یوسف صلاح الدین کی طرف سے واٹس ایپ پر ایک گانے کا ڈیمو موصول ہواتھا جس میں نرملا سے میرا تعارف کرایا گیا تھا، میں فوری طور پر نرملا کی آواز اور کمپوزیشن کی مہارت سے متاثر ہوگیا تھا،صحرا میں رہنے کے باوجود جہاں بنیادی ضروریات جیسے پانی کی قلت ہے اور جہاں معاشرتی اصول خواتین کو موسیقی کی پیروی کرنے سے روکتے ہیں، نرملا کا جذبہ غیر متزلزل رہا، نرملا کے عزم نے مجھے گانے کی ریکارڈنگ، پروڈکشن اور ریلیز کا وعدہ کرنے پر مجبور کیا۔
علی ظفرنے مزید کہا کہ گانے کی ریکارڈنگ مکمل ہونے کے بعد میں نے سوچ لیا تھا کہ ہمیں اس گانے کی ویڈیو کے لیے واقعی کچھ خاص بنانا ہے،علی ظفر نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ٹیگ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ نرملا جیسی نوجوان لڑکیوں کی بغیر کسی خوف کے اپنے خوابوں کو پورا کرنے میں مدد کریں، خاص طور پر سندھ کے دور دراز علاقوں میں، نرملا کا سفر امید کی ایک طاقتور علامت کے طور پر کھڑا ہے۔
معروف پاکستانی گلوکار نے کہا کہ متعدد چیلنجوں کا سامنا کرنے کے باوجود بشمول مالی مشکلات، موسیقی کی رسمی تربیت تک رسائی کا فقدان اور کمیونٹی کی مزاحمت جہاں گانا ناپسندیدہ ہے خاص طور پر خواتین کے لیے، نرملا کا غیر متزلزل جذبہ اس شاندار میوزک ویڈیو کی تخلیق کا باعث بنا ہے۔
گانے کی ریلیز پر گلوکارہ نرملا نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بیان نہیں کر سکتی کہ میں کتنی خوش ہوں، تمام تعاون کے لیے علی بھائی کی بہت مشکور ہوں۔