میں اور صائمہ "چوڑیاں" کی شوٹنگ کے دوران ہی ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے تھے،سیدنور
میں نے رخسانہ سے اجازت ملنے کے بعد اپنی دوسری شادی کا اعلان کیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف ہدایت کار سید نور نے اداکارہ صائمہ سے محبت کی دلچسپ داستان سنا تے ہوئے کہاہے کہ میں اور صائمہ "چوڑیاں" کی شوٹنگ کے دوران ہی ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے تھے۔
سید نور نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اداکارہ صائمہ کے ساتھ اپنی دوسری شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں اور صائمہ فلم "چوڑیاں" کی شوٹنگ کے دوران ہی ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے تھے،اس فلم کے بعد بھی ہم نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا،ہم دونوں ایک دوسرے کو سمجھنے بھی لگے تھے تو ایک دن میں اُنہیں شوٹنگ کے لیے ان کے گھر سے لینے گیا اور ہم دونوں باتیں کر رہے تھے تو میں نے ان کا ہاتھ تھام لیا، جیسے ہی میں نے ہاتھ تھاما تو اُنہوں نے فوراً مجھ سے کہا کہ اب جبکہ آپ نے میرا ہاتھ تھام لیا ہے تو کبھی مت چھوڑیئے گا۔
سیدنور نے مزید بتایا کہ جب صائمہ نے مجھ سے ہاتھ کبھی نہ چھوڑنے کا کہا تو یہ میرے لیے محبت کا ایک امتحان تھا اور پھر میں نے ان کا ہاتھ ہمیشہ کے لیے تھامنے کا فیصلہ کر لیا۔
سید نور نے پہلی اہلیہ رخسانہ نور کے اپنی دوسری شادی پر ردِعمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بہت دلیر عورت تھیں، میری دوسری شادی کے بعد کافی پریشان تھیں لیکن بعد میں اُنہیں احساس ہوا کہ میں اپنی محبت میں سچا ہوں اس لیے اُنہوں نے مجھے صائمہ کو بطور بیوی تمام قانونی حقوق دینے کی اجازت دے دی،میں نے رخسانہ سے اجازت ملنے کے بعد اپنی دوسری شادی کا اعلان کیا۔
"شومین آف لالی ووڈ"نے دوسری شادی پر اپنے بچوں کے ردِعمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ میری بڑی بیٹیاں رخسانہ کے انتقال کے فوراً بعد شادی کر کے بیرونِ ملک چلی گئی تھیں اور انہوں نے اس وقت صائمہ کو میری بیوی کی حیثیت سے قبول نہیں کیا تھا،جب رخسانہ کا انتقال ہواتو اس وقت میرا بیٹا شازل کافی چھوٹا تھا ، صائمہ نے ہی اس کی دیکھ بھال کرنا شروع کی جس کے بعد میرے بچوں کے دل میں صائمہ کے لیے محبت پیدا ہوئی اور اب میرے بچوں کے صائمہ کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔