وزیراعلیٰ پنجاب مریم اور نوازشریف سے برٹش ہائی کمشنر کی ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال

Aug 18, 2024 | 15:41:PM
 وزیراعلیٰ پنجاب مریم اور نوازشریف سے برٹش ہائی کمشنر کی ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی ہے۔

مری میں ہونے والی ملاقات کے دوران تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں پنجاب کے طلبہ کیلئے برطانیہ کی اعلیٰ جامعات میں تعلیم کے مواقع بڑھانےسے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے پنجاب حکومت کے پائیدار اقدامات سے آگاہ کیا، ملاقات میں موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی مہارتوں سے مستفید ہونے پر اتفاق کیا گیا۔

مریم نواز نے گورننس کا معیار بہتر بنانے کیلئے پولیس اور انتظامیہ کی مانیٹرنگ کیلئے برطانوی ہائی کمشنر کو کے پی آئی سسٹم سے آگاہ کیا، ملاقات میں ڈیجیٹل پنجاب کیلئے جاری اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں برطانوی اداروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی، برطانوی ہائی کمشنر کو پنجاب میں سولر پینل پراجیکٹ سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب ڈیجیٹائزیشن کے دور میں داخل ہو چکا ہے، عنقریب پنجاب لیڈ کرے گا، آئی ٹی یونیورسٹیز کے قیام کیلئے برطانوی اداروں کا خیر مقدم کیا جائے گا، لاہور میں نوازشریف آئی ٹی سٹی اور ٹوئن ٹاورز کا پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے تعلیم اور دیگر شعبوں کے اشترک کو سراہا، برٹش ہائی کمشنر اسلام آباد کی پولیٹیکل قونصلر زوی ویئر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔