صدر مملکت کی عوام سے مون سون شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے عوام سے مون سون شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کر دی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلاول ہاؤس کراچی میں سالانہ مون سون شجر کاری مہم کے تحت ’نیم‘ کا پودا لگایا، 18 اگست پاکستان میں مون سون میں درخت لگانے کے قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے، قومی سطح پر جنگلات کی شرح میں اضافے کی ضرورت ہے، موسمیاتی تبدیلی، عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے منفی اثرات کم کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے، نوجوان اور سول سوسائٹی جنگلات کے رقبے کو بڑھانے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے میں مدد کریں، نیم ماحول دوست درخت ہے، اس کے بے شمار ماحولیاتی فوائد ہیں، نیم صاف ہوا، ٹھنڈی چھاؤں کے علاوہ قدرتی طور پر مچھروں کو دور کرتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے وزیراعظم کی حیثیت سے پہلے دور حکومت میں بطور وزیر موسمیات خدمات انجام دی، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے پہلے دور میں درخت لگانے کی مہم کا آغاز کیا، شجرکاری مہم کے تحت ملک بھر میں نیم کے درخت لگائے گئے تھے، آج پاکستان میں بڑھتے درجہ حرارت کے پیش نظر درخت لگانے کی ضرورت اور بھی بڑھ گئی ہے۔
آصف علی زرداری نے اپیل کی کہ قوم بالخصوص نوجوان اور سول سوسائٹی مون سون شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، بہتر ماحول کے لیے اپنے محلوں اور گردونواح میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں، مون سون درخت شجرکاری مہم جنگلات میں اضافے، ملک میں ہریالی بڑھانے، ماحول صحت مند اور صاف بنانے کا بہترین موقع ہے، جنگلات اور ہریالی میں اضافہ ہمارے ماحول کو ہماری آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند اور محفوظ بنائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ہوشیارخبردار! گراں فروش ہو جائیں تیار، وزیراعلیٰ پنجاب نے دبنگ اعلان کر دیا
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے مینگرووز کی بحالی کا کامیاب اقدام کیا ہے، سندھ میں لاکھوں ایکڑ اراضی پر مینگرووز لگائے گئے ہیں، ہم مینگرووز کو مزید بڑھانے اور مزید درخت لگانے کے لیے پرعزم طریقے سے کام کر رہے ہیں، معاشرے کے تمام طبقات درجہ حرارت کو کم کرنے، ہریالی بڑھانے اور جنگلات بڑھانے کیلئے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔